وہ لطیفہ تو آپ نے سنا ہی ہو گا کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر ونڈوز میں صرف اس لیے موجود ہوتا ہے کہ اس کی مدد سے کوئی اچھا ویب براؤزر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے۔
ہم جب نئی ونڈوز انسٹال کرتے ہیں تو مجبوراً سب سے پہلے انٹرنیٹ ایکسپلورر ہی استعمال کرنا پڑتا ہے، کیونکہ اپنا پسندیدہ براؤزر ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ایک دفعہ تو اسے زحمت دینا ہی پڑتی ہے۔ لیکن اگر آپ فائر فوکس ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے بالکل بھی انٹرنیٹ ایکسپلورر کی شکل دیکھنا نہیں چاہتے تو اس کا حل بھی موجود ہے۔ ونڈوز ایکسپلورر کھولیں، یہ ایڈریس ٹائپ کریں اور انٹر پریس کر دیں:
ftp://ftp.mozilla.org
موزیلا کا ایف ٹی پی سرور کھل جائے گا۔ اب اس میں درج ذیل فولڈر میں آجائیں:
pub/firefox/releases/latest/win32/en-US
اگر آپ براہ راست اس فولڈر میں آنا چاہتے ہیں تو ونڈوز ایکسپلورر میں یہ ایڈریس ٹائپ کر کے انٹر پریس کریں:
ftp://ftp.mozilla.org/pub/firefox/releases/latest/win32/en-US
یہ موزیلا کا ایف ٹی پی سرور ہے جہاں فائر فوکس کے حوالے سے تمام فائلز موجود ہوتی ہیں۔ اگر آپ ایک سافٹ ویئر ڈیویلپر ہیں تو یہاں دلچسپی کی کئی اور چیزیں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ یہاں فائر فوکس کا تازہ ترین ورژن موجود ہو گا۔ اسے کاپی کرنے کے بعد انسٹال کیا جا سکتا ہے۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جون 2013 میں شائع ہوئی)