ونڈوز 10 کی ریلیز کے چند دنوں میں ہی کروڑوں کمپیوٹرز ونڈوز 10 پر اپ گریڈ ہو گئے تھے۔ کچھ لوگوں کو یہ نئی ونڈوز بہت پسند آئی تو کچھ لوگوں نے اسے ناپسند بھی کیا۔ آپ کی پسند نا پسند اپنی جگہ لیکن اب یہ ونڈوز نہ صرف اسٹورز پر دستیاب ہو گی بلکہ نئے آنے والے کمپیوٹرز میں جس طرح ونڈوز 8 انسٹال ہوتی تھی اب ونڈوز 10 موجود ہو گی۔
ونڈوز10 کی اپ گریڈ اس لیے بھی اتنی کامیاب رہی کہ یہ اصلی و جعلی تمام ونڈوز کے لیے مفت دستیاب تھی۔ اس اپ گریڈ کے دوران صارف کی ونڈوز سیٹنگز، انسٹال شدہ پروگرامز اور ڈرائیورز بدستور موجود رہتے ہیں۔ اس طرح صارفین بغیر کسی مسئلے کے اس نئی ونڈوز پر منتقل ہو گئے۔
ونڈوز10 کی اپ گریڈ میں مائیکروسافٹ نے صارفین کے لیے واپسی کا دروازہ بند نہیں کیا، بلکہ اس اپ گریڈ کے 30 دن کے اندر آپ چاہیں تو اپنی پرانی ونڈوز یعنی جو ونڈوز اپ گریڈ سے پہلے موجود تھی، اس پر واپس لوٹ سکتے ہیں۔ یقیناً یہ بہت ہی اچھا قدم ہےکیونکہ کئی صارفین نے پرانی ونڈوز پر واپس جانے کو ترجیح دی۔ چاہے اس کے پیچھے وجہ ونڈوز10 کا پسند نہ آنا ہو یا ان کے سسٹم میں موجود ہارڈویئر کا ونڈوز10 سے مطابقت نہ رکھنا۔
جیسا کہ ہم نے ذکر کیا ونڈوز 7 اور 8 کو ونڈوز10 پر اپ گریڈ کرنے کے بعد بھی باآسانی واپس پرانے آپریٹنگ سسٹم پر لایا جا سکتا ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ اپ گریڈ کے بعد یہ آپشن ایک مہینے کے اندر استعمال کر لیا جائے، ورنہ واپسی ممکن نہیں رہے گی۔ اس لیے ان تیس دنوں کے اندر اندر ضرور فیصلہ کر لیں کہ آپ کو ونڈوز10 پر رہنا ہے یا واپسی اختیار کرنی ہے۔
فرض کریں آپ کا منصوبہ واپس لوٹنے کا ہے تو آئیے آپ کو بتاتے ہیں اس کام کو کیسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ سب سے پہلے تو ونڈوز10 پر اپنی ضروری فائلوں کو بیک اپ ضرور کر لیں کہ اس واپسی کے سفر میں کہیں وہ ضائع نہ ہو جائیں۔ آپریٹنگ سسٹم کی اپ گریڈ اور ڈاؤن گریڈ دونوں ایسے معاملات ہیں جن میں صارف کا ڈیٹا ضائع ہو سکتا ہے اس لیے اس کام سے پہلے بیک اپ انتہائی ضروری ہے۔
جب آپ ونڈوز 10 انسٹال کرتے ہیں تو پرانی ونڈوز کو کمپیوٹر میں Windows.old نامی فولڈر میں محفوظ کر دیا جاتا ہے۔ اگرچہ یہ کچھ اسٹوریج ضرور استعمال کرتی ہے لیکن اس کی بدولت واپسی کا دروازہ کھلا رہتا ہے۔ آئیے اب اس دروازے میں جھانک کر دیکھتے ہیں کہ واپسی کا سفر کیسے طے کیا جائے۔
ونڈوز 10 ڈاؤن گریڈ 30 دن کے اندر اندر
اس کام کے آغاز کے لیے سب سے پہلے اسٹارٹ بٹن پر کلک کرتے ہوئے سیٹنگز پر کلک کریں۔
سیٹنگز کھل جائیں تو اس میں Update & Security پر کلک کریں۔
اگلے مرحلے پر بائیں طرف دیکھیں تو آپشنز کی لسٹ موجود ہے۔ اس میں ایک آپشن ریکوری (Recovery) بھی موجود ہے اور یہی آپشن ہمیں مطلوبہ ہے اس لیے اس پر کلک کریں۔
ریکوری کے حصے میں دیکھیں تو بہت ہی مفید آپشنز دستیاب ہیں۔ پہلا آپشن ہے Reset this PC۔ اگر آپ کے پاس ونڈوز 10 درست طریقے سے نہیں چل رہی تو اس آپشن کے ذریعے آپ اسے ایک دفعہ تازہ کر سکتے ہیں۔ یہ کوئی ری فریش نہیں ہے بلکہ اس طرح ونڈوز10 کو ری انسٹال کیا جائے گا، تاکہ اگر اپ گریڈ کے دوران اگر کوئی مسئلہ پیش آیا ہو تو اسے ٹھیک کیا جا سکے۔
دوسرا آپشن ’’گو بیک ٹو ونڈوز‘‘ (Go back to Windows)کا ہے۔ چونکہ ہمارا مقصد تو ونڈوز کو ڈاؤن گریڈ کرنا ہے اس لیے ہماری تلاش یہی آپشن تھی۔ اپنی پرانی ونڈوز پر واپس جانے کے لیے اس آپشن کے نیچے موجود بٹن "Get started” پر کلک کر دیں۔
جس طرح ونڈوز کی انسٹالیشن کے دوران لیپ ٹاپ کا چارجنگ پر لگا ہونا ضروری ہے اسی طرح ڈاؤن گریڈ میں بھی یہ لازمی ہے، اس لیے اگر آپ لیپ ٹاپ استعمال کر رہے ہیں تو پہلے اسے چارج پر ضرور لگا لیں ورنہ یہ آپشن کام نہیں کرے گا۔
بہرحال اس آپشن پر کلک کریں تو سب سے پہلے پوچھا جائے گا کہ آخر آپ واپس پرانی ونڈوز پر کیوں جانا چاہتے ہیں؟ آپ کی رائے مائیکروسافٹ کے لیے بہت قیمتی ثابت ہو سکتی ہے اس لیے جو بھی وجہ آپ کو مناسب لگے اس کی نشاندہی کرنے کے بعد نیکسٹ کے بٹن پر کلک کر دیں۔
ڈاؤن گریڈ کے اس عمل کے دوران آپ کو اس سے باز رہنے کے کئی مواقع دیے جائیں گے کہ اس ڈاؤن گریڈ کا ارادہ آپ ملتوی کر کے ونڈوز 10 کو ہی استعمال کریں، اگر آپ کا ارادہ بدل جائے تو ٹھیک ورنہ آگے بڑھتے جائیں۔ یہاں کئی اہم باتیں آپ کو معلوم ہونی چاہیں، مثلاً اس ڈاؤن گریڈ کے عمل کےدوران آپ کے انسٹال شدہ کئی پروگرامز ضائع ہو سکتے ہیں۔ ونڈوز پر کوئی پاس ورڈ تھا تو وہ بھی ختم ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ جو سب سے اہم مسئلہ ہے وہ یہ کہ اگر آپ کے پاس ونڈوز کا لائسنس موجود تھا تو وہ بھی ختم ہو سکتا ہے، یعنی اگر ونڈوز ایکٹی ویٹ تھی تو اسے دوبارہ ایکٹی ویٹ کرانا ہو گا۔
جس طرح ونڈوز 10 نے اپ گریڈ کے دوران کافی وقت لیا تھا اسی طرح اب ڈاؤن گریڈ میں بھی کافی وقت طلب ہو گا اس لیے آپ اس چلتا چھوڑ کر آرام سے بیٹھ جائیں۔کام مکمل ہونے کے بعد آپ دیکھیں گے کہ پرانی ونڈوز آپ کے سسٹم پر واپس آچکی ہے۔
دوسرا حل:
ونڈوز 10 کو ڈاؤن گریڈ کرنے کا ایک اور زبردست حل ’’سسٹم گو بیک‘‘ کی صورت میں مفت دستیاب ہے۔ یہ پروگرام آپ ونڈوز 7 اور 8 کے علاوہ ونڈوز ایکس پی پر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کا استعمال بہت ہی آسان ہے، اس کے ذریعے آپ اپنے موجودہ آپریٹنگ سسٹم کا ایسا بیک اپ بنا سکتے ہیں جسے جب چاہیں ری اسٹور کیا جائے۔ اس طرح اس میں محدود دنوں کی قید والا معاملہ بھی ختم ہو جاتا ہے۔
مثلاً اگر آپ ونڈوز 7 کو 10 پر اپ گریڈ کرنے جا رہے ہیں تو پہلے ’’سسٹم گو بیک‘‘ کو انسٹال کر کے ونڈوز 7 کا بیک اپ بنا لیں۔ ونڈوز 10 پر اپ گریڈ ہونے کے بعد اب آپ اس بیک اپ کو استعمال کرتے ہوئے صرف چند کلکس سے جب چاہیں ونڈوز7 پر واپس آ سکتے ہیں۔
یہ پروگرام درج ذیل ربط سے مفت ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
easeus.com/system-go-back
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2015 میں شائع ہوئی)
ونڈوز ٹین ویسے تو ہلکی پھلکی اور زبردست دکھائی دیتی ہے، لیکن اس کے براؤزر ایج میں نستعلیق فونٹ ٹھیک کام نہیں کر رہا۔ لیکن خیر جس کمپیوٹر کو میں نے ونڈوز ٹین پر اپ گریڈ کیا ہے وہ میرا کام والا کمپیوٹر نہیں ہے۔