ٹورینٹس ڈاؤن لوڈ کرنا سب کی پسند ہی نہیں ضرورت بن چکا ہے۔ بڑی بڑی فائلز اور فلمیں وغیرہ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ٹورینٹ سے بہتر کوئی ذریعہ نہیں۔ اکثر کسی فلم، ڈرامے یا گیم وغیرہ کا ٹورینٹ آنے کے لوگ منتظر ہوتے ہیں۔ اُن کے اس انتظار کا ہیکرز فائدہ اُٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ مطلوبہ چیز کا نام ضرور استعمال کرتے ہیں لیکن ٹورینٹ میں اصل ڈیٹا موجود نہیں ہوتا۔ چاہے کوئی چھوٹی چیز ہو یا بڑی ٹورینٹ ہمیشہ مستند ڈاؤن لوڈ کرنا چاہیے۔
اگر آپ بھی ٹورینٹس ڈاؤن لوڈ کرنا پسند کرتے ہیں تو آپ کے پاس ’’ٹورینٹ روور‘‘ (Torrent Rover) پروگرام موجود ہونا چاہیے۔ آئیے آپ کو اس کے فوائد گنواتے ہیں۔
عمدہ تلاش، بہتر نتائج
اگر آپ کو کسی ٹورینٹ کی تلاش ہے تو وہ آپ اسی پروگرام سے کر سکتے ہیں۔ اس میں تمام معروف ٹورینٹ ویب سائٹس جیسے کہ کیٹ، دی پائریٹ بے، بٹ سنوپ، آئی ایس او ہنٹ اور ایکسٹرا ٹورینٹ وغیرہ کی سپورٹ موجود ہے۔ یعنی آپ اس پر کوئی ٹورینٹ تلاش کریں گے تو یہ ان تمام ویب سائٹس سے ٹورینٹ تلاش کرنے کے بعد جامع اور بہتر نتائج دِکھائے گا۔
یہ ہر ٹورینٹ کی ریٹنگز اور صارفین کے تبصرے بھی دِکھاتا ہے جس سے آپ باآسانی اندازہ کر سکتے ہیں کہ کس ٹورینٹ کو ڈاؤن لوڈ کرنا چاہیے۔
وائرس، مال ویئر اور اشتہارات سے پاک
ٹورینٹ روور کی خاص بات اس کا مفت اور اشتہارات سے پاک ہونا چاہیے۔ اس میں نہ کسی قسم کا کوئی وائرس ہے اور نہ ہی مال ویئر۔ اس کے علاوہ اسے بنانے والے اس پروگرام کو کسی دوسرے سافٹ ویئر کے ساتھ بنڈل کرنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتے۔ یعنی جب آپ اسے ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کریں گے تو صرف اور صرف یہی پروگرام انسٹال ہو گا۔
آسان اور تیز ڈاؤن لوڈنگ
دیگر ویب سائٹس اور پروگرامز کی طرح اس میں ٹورینٹ ڈاؤن لوڈ کرنا بالکل بھی پیچیدہ نہیں۔ بس جس ٹورینٹ کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہو اُسے منتخب کریں، یہ کوئی مزید سوال کیے اور پاپ اپ دکھائے بغیر خود ہی اس کے مزید سیڈرز تلاش کر کے اُسے ممکنہ تیزی سے ڈاؤن لوڈ کرنا شروع کر دیتا ہے۔
خودکار ڈاؤن لوڈنگ
کیا آپ کے پسندیدہ ڈرامے یا شو کی نئی قسط ہر ہفتے آتی ہے؟ اگر ہاں تو یقیناً آپ نئے ٹورینٹ کے انتظار میں رہتے ہوں گے لیکن اگر آپ کے پاس ’’ٹورینٹ روور‘‘ انسٹال ہو تو یہ آپ کی پسند دیکھتے ہوئے خود ہی ہر نئی آنے والی قسط کو سامنے آتے ہی فوراً ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔
ٹورینٹ روور کی خوبیاں ایک صفحے میں بیان کرنا ممکنہ نہیں۔ اس کا پورٹ ایبل ورژن بھی دستیاب ہے۔ اس میں آئی ایم ڈی بی، گوگل، وکی پیڈیا اور اس کے علاوہ دیگر ایسی ویب سائٹس کے پلگ اِنز شامل کیے جا سکتے ہیں۔ ٹورینٹس تلاش کرتے ہوئے اپنی پسند کا فائل فارمیٹ وغیرہ بھی منتخب کیا جا سکتا ہے۔ غرض اس میں ٹورینٹس ڈاؤن لوڈنگ کے حوالے سے سب کچھ ہے۔
مفت ڈاؤن لوڈ کریں
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اپریل 2016 میں شائع ہوئی)