مفت اور قابلِ بھروسا وائی فائی کنکشنز باآسانی تلاش کریں

جب تھری جی ڈیٹا پیک کی معیاد ختم ہو جائے یا فون میں کریڈٹ موجود نہ ہو تو انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے ہم فوراً کسی مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹ کی تلاش شروع کر دیتے ہیں مگر آپ کے قریب میں کس جگہ مفت انٹرنیٹ دستیاب ہو سکتا ہے یہ جاننا تھوڑا مشکل ہے کیونکہ فون لے کر اِدھر اُدھر گھومنا کوئی آسان کام نہیں لیکن اب اس مسئلے کا حل بھی تلاش کرلیا گیا ہے۔

اس مسئلے کا بہترین حل ایواسٹ وائی فائی فائنڈر (Avast Wi-Fi Finder) کی صورت میں موجود ہے۔ یہ ایپلی کیشن بالکل منفرد انداز میں کام کرتی ہے۔ سب سے پہلے تو یہ آپ کے مقام کا جائزہ لیتی ہے اس کے بعد یہ اپنے ڈیٹا بیس سے رابطہ کر کے آپ کے علاقے میں بغیر پاس ورڈ کے دستیاب وائی فائی کنکشنز کے بارے میں پتا کرتی ہے۔ دراصل اس ایپلی کیشن میں دنیا بھر کے مفت وائی فائی کنکشنز چاہے وہ کسی ہوٹل میں ہو یا کسی دوسرے عوامی مقام پر کو ایک جگہ جمع کیا جا رہا ہے۔ تاکہ آپ جہاں بھی ہوں یہ آپ کے علاقے میں مفت دستیاب وائی فائی کنکشن کی نشاندہی کر سکے۔ اس کے علاوہ یہ آپ کے موجودہ مقام کو شناخت کرنے کے لیے جی پی ایس سیٹلائٹس کو استعمال کرتی ہے یعنی اگر آپ کے پاس انٹرنیٹ نہ بھی چل رہا ہو تو یہ ایپلی کیشن کام کر سکتی ہے۔

نہ صرف یہ آپ کے قریبی مقام پر موجود مفت وائی فائی کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ یہ بھی بتاتی ہے کہ آپ کتنی دیر میں پیدل چلتے ہوئے وہاں تک پہنچ سکتے ہیں۔ سفر میں رہنے والے افراد کے لیے یہ ایپلی کیشن انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ انجان شہروں میں گھومتے ہوئے اس ایپلی کیشن کی مدد سے ہر وقت باآسانی جانا جا سکتا ہے کہ کہاں انٹرنیٹ میسر ہو سکتا ہے۔

اگر آپ بغیر پاس ورڈ کے وائی فائی کنکشنز کو تلاش کرنے کی زحمت بھی نہیں کرنا چاہتے تو اس میں ایزی کنیکٹ کا آپشن بھی دستیاب ہے جو ہر وقت بغیر پاس ورڈ کے وائی فائی کنکشنز کی تلاش میں رہتا ہے اور جیسے ہی کوئی نیٹ ورک دستیاب ہو خود بخود اس سے جڑ جاتا ہے۔ اچانک کہیں آپ کے فون میں کریڈٹ ختم ہو جائے یا پھر نیٹ ورک ہی نہ آرہا ہو تو ایسی صورت میں یہ ایپلی کیشن آپ کو آن لائن آنے میں بھرپور مدد دے سکتی ہے۔

اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے ایپلی کیشن مفت دستیاب ہے۔
wifi-finder
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2016 میں شائع ہوئی)

ایواسٹمفت وائی فائیوائی فائی