آج کل کمپیوٹر ہر گھر میں موجود ہے اور بچوں کا کمپیوٹر استعمال کرنا لازمی ہو چکا ہے بلکہ کمپیوٹر استعمال کرنے والے بچوں کو ذہین تصور کیا جاتا ہے۔ کمپیوٹر موجود ہو اور انٹرنیٹ نہ ہو؟ یہ تو ممکن نہیں۔ بچوں کو ذاتی کمپیوٹر فراہم کرنے والے والدین اکثر پریشان رہتے ہیں کہ کہیں ان کے بچے انٹرنیٹ کی برائیوں کا نشانہ نا بن جائیں۔ پیرینٹل کنٹرول کے ویسے تو کئی سافٹ ویئر اور ایپلی کیشنز دستیاب ہیں مثلاً
اپنے بچوں کو انٹرنیٹ پر غیر اخلاقی مواد سے محفوظ رکھیں
لیکن یہ کام وائی فائی راؤٹر کی کنفگریشن بدل کر بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ طریقہ کار زیادہ محفوظ ہے کہ اسمارٹ فون یا کمپیوٹر پر انٹرنیٹ پہنچنے سے پہلے ہی براہ راست محفوظ ہو جاتا ہے اور آپ کو کوئی اضافی ایپلی کیشن یا سافٹ ویئر انسٹال نہیں کرنا پڑتا۔
انٹرنیٹ کو بچوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے وائی فائی راؤٹر کی DNSسیٹنگز کو بدلنا ہو گا۔ یہ کام آپ باآسانی صرف دو منٹس میں مکمل کر سکتے ہیں۔ اس کے آغاز کے لیے اپنے راؤٹر کا ویب انٹرفیس کھول لیں۔ عموماً اس انٹرفیس کو دیکھنے کے لیے براؤزر میں 192.168.0.1 یا پھر 192.168.1.1 ٹائپ کرنا ہوتا ہے۔ یہاں آپ سے لاگ اِن ہونے کا کہا جائے گا۔ عام طور پر راؤٹر کا یوزرنیم admin اور پاس ورڈ بھی admin ہوتا ہے۔اگر آپ راؤٹر کا ویب انٹرفیس نہیں دیکھ پا رہے تو راؤٹر کے ڈبے یا ڈبے میں موجود ڈاکیومنٹ دیکھیں، اس پر یہ تفصیل ضرور موجود ہوتی ہے۔
راؤٹر کے ویب انٹرفیس میں آپ کو DHCP سیٹنگز میں جانا ہو گا۔ یہاں DNSکی تفصیلات موجود ہوں گی۔ آپ یہاں کوئی بھی مفت دستیاب ڈی این ایس ڈال سکتے ہیں جو خطرناک ویب سائٹس کو بلاک کرتا ہو، ایسے تین ڈی این ایس سرور دستیاب ہیں:
٭ نورٹن کنیکٹ سیف (Norton ConnectSafe)
https://dns.norton.com
٭ اوپن ڈی این ایس فیملی (OpenDNS Family)
http://www.opendns.com
٭ وائے انڈیکس فیملی (Yandex Family)
http://dns.yandex.com
نورٹن کنیکٹ سیف کی بات کی جائے تو اس کا پرائمری سرور 199.85.126.30 جبکہ سیکنڈری سرور 199.85.127.30 ہے۔ اپنے راؤٹر کے ڈی این ایس میں آپ یہ ایڈریس ٹائپ کر سکتے ہیں۔ سیٹنگز کو محفوظ کرنے کے بعد راؤٹر کو ایک دفعہ ری اسٹارٹ کر لیں۔ اس کے بعد آپ کے انٹرنیٹ پر کھلنے سے پہلے تمام ویب سائٹس کا جائزہ نورٹن لے گا اور اگر وہ نقصان دہ یا بچوں کے لیے ناموزوں ہوں گی تو انھیں بلاک کر دیا جائے گا۔
’’اوپن ڈی این ایس فیملی‘‘ بھی ایک اچھی سروس ہے جسے خاص طور پر خاندان اور اسکولوں کے لیے بنایا گیا ہے۔ آپ اس ڈی این ایس کو بھی استعمال کر سکتے ہیں:
Primary DNS: 208.67.222.123
Secondary DNS: 208.67.220.123
Yandex Family ڈی این ایس سرورز روسی سرچ انجن کمپنی ’’وائے انڈیکس‘‘ کے ہیں۔ آپ چاہیں تو اسے بھی استعمال کر سکتے ہیں:
Primary DNS: 77.88.8.7
Secondary DNS: 77.88.8.3
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نومبر 2015 میں شائع ہوئی)