رائٹ کلک کے نیو مینو میں موجود غیرضروری آپشنز کو حذف کریں

ونڈوز کے رائٹ کلک مینو میں موجود NEW کا آپشن بہت ہی فائدے مند ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے ہم کسی بھی جگہ پر نیا فولڈر یا مطلوبہ پروگرام کی فائل جیسے کہ نوٹ پیڈ یا ایکسل وغیرہ کی فائل بنا سکتے ہیں۔ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ جب ہم پروگرامز انسٹال کرتے جاتے ہیں تو وہ بھی اپنی نئی فائل بنانے کا آپشن اس ’’نیو‘‘ مینو میں شامل کر دیتے ہیں۔ اس طرح ایک وقت ایسا آتا ہے کہ رائٹ کلک کر کے جب آپ نیو کے ذریعے ایک نیا فولڈر بنانا چاہتے ہیں تو اس مینو میں شامل کئی آپشنز کی وجہ سے یہ نہ صرف کھلنے میں دیر لگاتا ہے بلکہ اکثر تو کمپیوٹر کو بھی ہینگ کر دیتا ہے۔

اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے آپ کو ایک چھوٹا سا ٹول ’’شیل نیو سیٹنگز‘‘ استعمال کرنا پڑے گا۔ صرف 23KBکے سائز کا حامل یہ ٹول انسٹالیشن کا بھی متقاضی نہیں، بس اسے ڈاؤن لوڈ کر کے چلائیں یہ آپ کے رائٹ کلک میں موجود NEWکے اندر موجود تمام آپشنز کو فوراً پہچان کر ایک چیک لسٹ کی صورت میں پیش کر دے گا۔

اب ان میں سے جو آپشنز آپ کو درکار نہیں، ان کو اَن چیک کرنے کے بعد نیچے موجود ’’ری فریش‘‘ کے بٹن پر کلک کر دیں۔آپ دیکھیں گے کہ نیو کے اندر اب صرف آپ کے منتخب کردہ آپشنز موجود ہیں باقی سب غائب ہو جائیں گے اور اب یہ آپشن چونکہ ہلکا پھلکا ہو چکا ہے اس لیے انتہائی تیزی سے بھی کھلے گا۔

یہ ٹول آپ درج ذیل ربط سے مفت حاصل کر سکتے ہیں:
یہاں کلک کریں

اس پروگرام کے کام کرنے کا طریقہ کار جاننے کے لیے یہ وڈیو ملاحظہ کیجیے:

یہ اتنا کارآمد ٹول ہے کہ اسے صرف ایک دفعہ استعمال کرنا آپ کو مہینوں کی مصیبت سے نجات دلا سکتا ہے لیکن ایک دفعہ استعمال کرنے کے بعد بھی اسے سنبھال کر رکھیں کیونکہ مستقبل میں بھی آپ نئے نئے پروگرامز ضرور انسٹال کریں گے جو کہ اپنے آپشنز دوبارہ سے آپ کے رائٹ کلک مینو میں شامل کر دیں گے۔اس طرح اس کی دوبارہ صفائی کے لیے آپ کو یہ ٹول چاہیے ہو گا اس لیے اگر یہ پہلے سے موجود ہو گا تو اب کی بار آپ اس پریشانی سے فوری طور پر نجات حاصل کر سکیں گے۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی

رائٹ کلکماؤسونڈوز