مائیکروسافٹ انٹرنیٹ ایکسپلورر کا نام لیں تو سب سے پہلے سست رفتار براؤزر کا تصور ذہن میں آتا ہے۔ یہ تصور نیا نہیں ہے بلکہ گزشتہ ایک دہائی سے انٹرنیٹ ایکسپلورر نے اپنی شہرت خود اپنے ہاتھوں سے خراب کی ہے۔ لیکن اب وقت تبدیل ہورہا ہے۔ مائیکروسافٹ نے ایک انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے انٹرنیٹ ایکسپلورر کے پرانے ورژنز کی سپورٹ فراہم کرنے سے معذوری ظاہر کردی ہے۔ یعنی اب صارفین کے لئے ضروری ہے کہ وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر کا آخری ورژن یعنی 11 استعمال کریں یا پھر ایج براؤزر کا استعمال کریں۔ ورژن11 سے پرانے تمام ورژن کے لئے اپ ڈیٹس جاری کرنا اب مائیکروسافٹ کا دردِ سر نہیں رہا۔ 12 جنوری سے انٹرنیٹ ایکسپلورر کے تازہ ترین ورژن 11 کے لئے ہی اپ ڈیٹس مہیا کی جائیں گی اور مائیکروسافٹ انٹرنیٹ ایکسپورر8، 9 اور 10 ان سے مکمل طور پر محروم رہیں گے۔
اگر آپ کا کمپیوٹر اُن 20 کروڑڈیوائسز میں شامل ہیں جو اس وقت مائیکروسافٹ ونڈوز 10 استعمال کر رہا ہے تو آپ پہلے ہی مائیکروسافٹ کے تازہ ترین ایج ویب براؤزر کا استعمال کر رہے ہیں جو صرف نام ہی نہیں بلکہ کارکردگی میں بھی انٹرنیٹ ایکسپلورر سے بہت مختلف ہے۔ اگر آپ انٹرنیٹ ایکسپلورر 8، 9 اور 10 استعمال کر رہے ہیں تو مائیکروسافٹ کی کوشش ہے کہ آپ جلد از جلدنئے ویب براؤزر پر منتقل ہوجائیں۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ 12 تاریخ کے بعد پرانے ویب براؤزر کے لئے سکیوریٹی اپ ڈیٹ فراہم نہ کرنے سے وہ ڈیوائسز ہیکرز وغیرہ کے لیے آسان شکار ثابت ہوسکتی ہیں۔ لہٰذا صارفین کو مجبوراً نئے آپریٹنگ سسٹم (ونڈوز 10) یا نئے ویب براؤزر پر منتقل ہونا ہوگا۔ البتہ مائیکروسافٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک ونڈوز 7، ونڈوز 8.1 اور ونڈوز 10 کی سپورٹ جاری ہے، انٹرنیٹ ایکسپلورر 11 کی سپورٹ بھی جاری رکھی جائےگی۔
مائیکروسافٹ نےپچھلےسال مارچ میں 19 سال بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔انٹرنیٹ ایکسپلورر کے خاتمے کی ایک بڑی وجہ اس کی شہرت کا خراب ہونا ہے۔ البتہ کوئی شخص اس بات سے انکار نہیں کرسکتا کہ گوگل کروم اور فائر فاکس سے پہلے اگرچہ اوپرا جیسے ویب براؤزر موجود تھے لیکن پھر بھی موجودہ دور کے بیشتر جوانوں انٹرنیٹ ایکسپلورر سے ہی انٹرنیٹ کی دنیا دیکھنا شروع کی تھی۔ موزیلا فائر فاکس اور گوگل کروم دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ تھے ۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر اس کا مقابلہ نہیں کرسکا اور بدنام ہوتا چلا گیا۔
مائیکروسافٹ نے انٹرنیٹ ایکسپلورر کو ختم کرنے کے بعد پراجیکٹ اسپارٹن کےنام سے شروع سے ایک نیابراؤزر بنایا۔اس براؤزر کو بعد میں مائیکروسافٹ ایج کا نام دیا گیا۔مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ نیا برانڈ اس کی مصنوعات کے لیے کافی بہتر ثابت ہوگا اور آزاد تجزیہ نگاروں نے ایج براؤزر کا انٹرنیٹ ایکسپلورر سے بہت بہتر، تیز رفتار اور آسان قرار دیا ہے۔