اگر آپ ابھی تک انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال کرتے ہیں تو ہوشیار ہوجائیں۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر میں ایک نیا بگ دریافت کیا گیا ہے جو ایڈریس بار میں ٹائپ کیا آپ کا ہر حرف لیک کردیتا ہے۔ یہ خرابی انٹرنیٹ ایکسپلورر کے کسی پرانے ورژن میں نہیں بلکہ تازہ ترین ورژن میں ملی ہے اور اسے دریافت کرنے والے Manuel Caballero نامی سکیوریٹی ریسرچر ہیں۔
اس بگ کا فائدہ اٹھا کر ویب سائٹ جسے صارف نے کھول رکھا ہے، ایڈریس بار میں ٹائپ کیے گئے ٹیکسٹ کو حاصل کرسکتی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ جعلی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے والی ویب سائٹس کو انٹرنیٹ ایکسپلورر میں کھولنے سے وہ ویب سائٹ صارفین کے ٹائپ کردہ ٹیکسٹ کو چرا سکتی ہے۔ صارف ڈیٹا کی اس چوری سے مکمل لاعلم رہتا ہے۔
کیا آپ کے کمپیوٹر میں انسٹال انٹرنیٹ ایکسپلورر میں بھی یہ خرابی موجود ہے یا نہیں؟ یہ جاننے کے لیے درج ذیل ویب سائٹ کھولیں، پھر ایڈریس بار میں کچھ ٹائپ کرکے اینٹر کا بٹن پریس کریں۔ اگر آپ کو اپنا ہی ٹائپ کیا ہوا ٹیکسٹ نظر آئے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کے زیر استعمال انٹرنیٹ ایکسپلورر بھی اس خرابی سے متاثر ہے۔
http://cracking.com.ar/demos/ieaddressbarguess/
فی الحال مائیکروسافٹ نے اس بگ کو دور کرنے کے لیے کوئی پیچ جاری نہیں کیا۔