عام طور ہمارے زیرِ استعمال Lithium-ion بیٹری ایک ہزار سے بھی کم مرتبہ ری چارج کی جا سکتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ توانائی کو محفوظ کرنے کی اس کی طاقت بھی کم ہوتی جاتی ہے۔
چونکہ آج کل فون، ٹیبلٹ اور کمپیوٹر کی بیٹری کو ہر وقت فُل رکھنا ہمارا ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے اس لیے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ بیٹری کا غیر ضروری استعمال نہ ہو تاکہ وقت پڑنے پر ڈیوائس کام کرنے کے قابل ہو۔
اس مسئلے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے آج کل بڑی بڑی نامور کمپنیاں بیٹری کو زیادہ دیر تک کارآمد رکھنے کے لیے پروگرامز بنا رہی ہے۔ اس فہرست میں تازہ ترین اضافہ معروف کمپیوٹر سکیوریٹی کمپنی ’’کیسپرس کی‘‘ ہے۔
کیسپرس کی نے اینڈروئیڈ کے لیے ایک ایپلی کیشن ’’بیٹری لائف‘‘ (Battery Life) کے نام سے پیش کی ہے۔ یہ ایپلی کیشن بیک گراؤنڈ میں چلتی ایسی ایپلی کیشنز جو کوئی کارآمد کام نہ کر رہی ہوں بلکہ بلاوجہ بیٹری چوس رہی ہوں کو فوری طور پر بند کر کے بیٹری کا غیر ضروری استعمال روکتی ہے۔
اکثر ایپلی کیشنز بند ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہو جاتی ہیں۔ بیٹری لائف ان کا علاج بھی اچھی طرح کرتی ہے تاکہ وہ دوبارہ تنگ نہ کریں بلکہ ضرورت پڑنے پر ہی کام کریں۔ یہ ایپلی کیشن ڈیوائس میں موجود بیٹری کے ہر دفعہ چارج اور ڈس چارج ہونے کی صورت حال کا جائزہ لے کر آپ کو مفید مشورے بھی دیتی ہے کہ کس طرح بیٹری کو لمبے عرصے تک کارآمد رکھاجا سکتا ہے۔