بلیک بیری اب فون خود نہیں بنائے گا

بلیک بیری اپنے ہارڈ ویئر کا کاروبار بند کررہا ہے۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ بلیک بیری فون قطعی طور پر ختم ہورہے ہیں، کم از کم فوراً ایسا نہیں ہونے جارہا۔

منگل کے روز اپنی سہ ماہی مالیاتی رپورٹ کے اجراء کے موقع پر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی ہارڈ ویئر بنانے کا کام ترک کردے گی۔ اس کے بجائے وہ اب ڈیزائن اور موبائل فون تیار کرنے کا کام دوسری کمپنیوں سے کروائے گی۔

بلیک بیری کے سی ای او جان چِن نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم اب سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ جن میں سکیوریٹی اور ایپلی کیشنز بھی شامل ہیں، پر اپنی توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں۔ کمپنی اب خود ہارڈ ویئر تیار کرنا بند کردے گی اور اس کام کو آؤٹ سورس کیا جائے گا”۔

بلیک بیری کا یہ اعلان غیر متوقع نہیں۔ ماہرین کو پہلے ہی اندازہ تھا کہ بلیک بیری جلد یا بدیر ہارڈ ویئر بنانے کا کام ترک کردے گا۔ جب سے آئی فون مارکیٹ میں آیا ہے، بلیک بیری کے لئے بقاء کی جنگ شروع ہوگئی تھی۔ آئی فون اور پھر اینڈروئیڈ فونز نے بلیک بیری کے لئے زندہ رہنا محال کردیا تھا اور کمپنی ہر سال خسارے میں جانا شروع ہوگئی۔ جب کمپنی نے حریفوں سے مقابلے کا پلان بنایا تو اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ اب مائیکروسافٹ کی حکمت عملی پر عمل کرتے ہوئے بلیک بیری ہارڈ ویئر کے کاروبار کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسمارٹ فونبلیک بیری