بل گیٹس بھی اینڈروئیڈ فون استعمال کرنے لگے

فوکس نیوز سے ایک انٹرویو کے دوران مائیکروسافٹ کے بانی اور سابق سی ای او بل گیٹس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اب اینڈروئیڈ فون استعمال کرتے ہیں۔ سامعین توقع کررہے تھے کہ وہ شاید ایپل کا نام لیں گے، لیکن ان کی پسند بھی دنیا کے باقی 80 فیصد سے زائد لوگوں کی طرح اینڈروئیڈ ہی ٹھہرا۔

فوکس نیوز کے اینکر سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں صرف ونڈوز پر چلنے والے کمپیوٹر استعمال کرتا ہوں۔ لیکن میں نے حال ہی میں اپنا فون تبدیل کرکے اینڈروئیڈ فون استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ازراہ مزاق کہا کہ ان کے اینڈروئیڈ فون میں بھی بہت سے ایسے سافٹ ویئر ہیں جو مائیکروسافٹ نے بنائے ہیں۔

بل گیٹس کے قائم کردہ کمپنی مائیکروسافٹ لاکھ کوشش کے باوجود اسمارٹ فونز کی مارکیٹ میں جگہ بنانے میں ناکام رہی ہے۔ 2014ء میں اسی کوشش میں انہوں نے اربوں ڈالر میں نوکیا کو خریدا تھا لیکن اس خریداری کا بھی کوئی خاطر خواہ فائدہ نہ ہوا۔ حال ہی میں مائیکروسافٹ نے اپنے مائیکروسافٹ ونڈوز فون پر مبنی کئی اسمارٹ فونز کی سپورٹ بھی ختم کردی ہے۔ اس کی وجہ مائیکروسافٹ کے اسمارٹ فونز میں لوگوں کے عدم دلچسپی ہے۔

اس سال کے شروع میں مائیکروسافٹ نے سام سنگ کے ساتھ شراکت داری کا ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت امریکہ میں سام سنگ گلیکسی S8 کا ایک خاص ماڈل پیش کیا جائے گا۔ اس ماڈل میں مائیکروسافٹ کے کئی سافٹ ویئر جن میں آفس، کورٹانا خاص طور پر نمایاں ہیں، پہلے سے موجود ہونگے۔ بل گیٹس کی بات چیت سننے کے بعد بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ بل گیٹس شاید یہی اسپیشل سام سنگ گلیکسی S8 استعمال کررہے ہیں۔

اینڈروئیڈبل گیٹس