اگرچہ بل گیٹس کسی تعارف کے محتاج نہیں، لیکن حال ہی میں وہ اس وقت خبروں میں ایک بار نمایاں ہوگئے جب اسٹاک مارکیٹ میں ایمزون کے حصص کی مالیت بڑھنے سے اس کے سی ای او جیف بیزوس اچانک بل گیٹس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔ اس واقعہ کو دنیا بھر نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔ لیکن جیف بیزوس صاحب کی یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی اور بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔ اس کی وجہ بھی حصص مارکیٹ کا اتار چڑھاؤ تھا۔ جیف بیزوس اب دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔
بل گیٹس کے حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ جناب سے فیس بک کی ملکیتی کمپنی انسٹا گرام پر اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم تصاویر شیئر کرنے کے لیے معروف ہے۔
بل گیٹس نے اپنا اکاؤنٹ thisisbillgates کے نام سےبنایا ہے۔ اگر آپ بھی انسٹا گرام استعمال کرتے ہیں تو انہیں اس ربط کے ذریعے فولو کرسکتے ہیں۔
اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر انہوں نے فی الحال اپنے فلاحی ادارے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اب تک صرف ایک پوسٹ کی ہے اور اکاؤنٹ کو بنے ہوئے ابھی چند ہی گھنٹے ہوئے ہیں اس کے باوجود بل گیٹس نے فولورز کی تعداد کے اعتبار سے جیف بیزوس کو انسٹا گرام پر بھی مات دے دی ہے۔ جیف بیزوس کے فولورز کی تعداد 30 ہزار ہے جبکہ بل گیٹس کے فولورز کی تعداد یہ مضمون لکھتے وقت 48 ہزار کو تجاوز کرچکی ہے۔