کمپیوٹر پر سب سے زیادہ استعمال ہونے والا پروگرام ’’ویب براؤزر‘‘ ہے۔ جب ویب براؤزر کی بات کی جائے تو ہمارے ذہن میں کروم، فائرفوکس اور انٹرنیٹ ایکسپلورر کا ہی نام آتا ہے۔ کچھ لوگ اوپرا اور میکستھون براؤزر سے بھی واقف ہیں۔ ان تمام براؤزرز اور دیگر چند غیرمعروف براؤزرز جیسے کہ سِلم جیٹ وغیرہ کے بارے میں ہم کمپیوٹنگ میں شائع کر چکے ہیں۔
کمپیوٹر کی معلومات رکھنے والے جانتے ہیں کہ کروم اور فائرفوکس سسٹم میموری کے دشمن ہیں۔ ہماری ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ ان کا کوئی اچھا متبادل مل جائے۔ اس لیے ہم نے اس بار تجزیے کے لیے منتخب کیا ہے ’’بیدو براؤزر‘‘ کو۔
بیدو ایک چینی کمپنی ہے، جن کی کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے لیے بنائی گئی مصنوعات بہت ہی بہترین کارکردگی کی مالک ہیں۔ اس سے پہلے ہم ان کا بنایا گیا اینٹی وائرس اور سسٹم آپٹمائزیشن پروگرام بھی آپ کے لیے کمپیوٹنگ کے صفحات پر پیش کر چکے ہیں۔ بیدوبراؤزر بھی اس کمپنی کی ایک زبردست پیشکش ہے۔ تکنیکی بات کی جائے تو اس میں دیگر براؤزرز کے مقابلے میں بہتر جاوا اسکرپٹ اور ایچ ٹی ایم ایل کی سپورٹ موجود ہے جو اسے ایک برق رفتار براؤزر بناتی ہے۔ اس کی رفتار کو مستحکم رکھنے کے لیے اس کا ڈیزائن بھی انتہائی سادہ رکھا گیا ہے۔ ہر براؤزر کے پیچھے ایک انجن موجود ہوتا ہے، بیدو براؤزر میں T5 انجن موجود ہے، اگر آپ کے فون میں T5 کی سپورٹ موجود ہو تو اسے آ پ ایک بہترین اور برق رفتار براؤزر پائیں گے کیونکہ کمپیوٹر کے علاوہ اسے اینڈروئیڈ پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
عام صارف کے لیے اس کے فیچرز کی بات جائے تو اس میں بہت ہی دلچسپ اور کارآمد فیچرز موجود ہیں۔ سب سے پہلے تو آپ کو یہ جان کر خوشی ہو گی کہ یہ اسٹریمنگ کے لیے موجود وڈیوز باآسانی ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔
وڈیوز کو براؤزر سے الگ میڈیا پلیئر کے طور پر دیکھنے کے لیے اس میں پاپ اپ وڈیو پلیئر موجود ہے۔
براؤزنگ کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اس میں ’’براؤزر ڈاکٹر‘‘ پہلے سے موجود ہے تاکہ آپ کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ویب پیچز کے اسکرین شاٹ لینے کا بھی اس میں بندوبست کیا گیا ہے جس سے آپ چاہیں تو مخصوص یا مکمل ویب پیج کی تصویر بنا کر محفوظ کر سکتے ہیں۔
اس میں موجود ڈریگ اینڈ ڈراپ کی سہولت سے کوئی تصویر یا لنک باآسانی نئے ٹیب میں کھولا جا سکتا ہے۔
گزشتہ کھولے گئے یا غلطی سے بند ہو جانے والے ٹیبز کو باآسانی دوبارہ کھولنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
گوگل کروم کی طرح اس میں بھی آپ کی براؤزنگ سِنک (sync) رہتی ہے۔ یعنی کہیں اور اگر آپ اس براؤزر میں اپنی گوگل آئی ڈی سے لاگ اِن ہوں گے تو وہاں آپ کے براؤزر کی تمام سیٹنگز، بک مارکس، ہسٹری اور پلگ اِنز وغیرہ موجود ہوں گے۔ جبکہ گوگل آئی ڈی کے سائن آؤٹ ہوتے ہی براؤزر واپس اپنی اصل حالت میں چلا جائے گا۔
اس میں موجود نائٹ موڈ کے ذریعے آپ رات میں کمپیوٹر استعمال کرتے ہوئے آنکھوں کو اسکرین کی روشنی سے بچا سکتے ہیں۔
اس کا ’’ٹیکسٹ موڈ‘‘ بہت اچھا فیچر ہے کہ اگر آپ کسی ویب پیج پر موجود صرف متن پڑھنا چاہیں تو یہ موڈ تصاویر کو غائب کر دیتا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف نازیبا تصاویر غائب کی جا سکتی ہیں بلکہ بینڈوڈتھ بھی بچائی جا سکتی ہے۔
ان تمام زبردست فیچرز کے ساتھ یہ براؤزر آپ کے لیے بالکل مفت دستیاب ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ براؤزر انتہائی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔
دستیابی: مفت سائز: 45.4 MB
http://en.browser.baidu.com
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اگست 2015 میں شائع ہوئی)
there is no option to download a video 🙁