کافی عرصے پہلے ہم نے کمپیوٹنگ میگزین میں ایک ایسی ایپلی کیشن کا ذکر کیا تھا جس میںکسی بھی مشین کی تکنیکی خرابی کو ٹھیک کرنے کے لیے مدد حاصل کی جا سکتی تھی۔ اس کا طریقہ کار بہت آسان تھا، جو مسئلہ درپیش ہو ایپلی کیشن کے ذریعے اس کی وڈیو بنا کر اپ لوڈ کر دیں، دنیا بھر سے لاکھوں افراد اُس ایپلی کیشن کے ممبر تھے اس طرح کوئی نہ کوئی دستیاب ممبر فوراً کچھ مشورہ دے دیتا تھا۔
ایسا ہی کچھ خیال ’’بی مائی آئیز‘‘ (Be My Eyes)ایپلی کیشن کے پیچھے کارفرما ہے۔ یہ ایپلی کیشن اسمارٹ فون پر صرف آئی او ایس پلیٹ فارم کے لیے دستیاب ہے۔ اسے صرف بینائی سے متاثر افراد ہی نہیں بلکہ تندرست افراد بھی انسٹال کرتے ہیں۔ کم دکھائی دینے والے یا نابینا افراد کو اگر کسی سلسلے میں مدد درکار ہو اور کوئی ان کے آس پاس نہ ہو تو وہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے وڈیو بنا سکتے ہیں۔ یہ ایپلی کیشن فوراً اس وڈیوکو اپنے نیٹ ورک پر بھیج دیتی ہے جہاں اس کے لاکھوں ممبرز میں سے کوئی نہ کوئی آن لائن موجود فرد اپنی رائے بھیج دیتا ہے۔ مثلاً کوئی دوا کھانے سے پہلے نابینا فرد کو تصدیق کرنی ہے کہ کہیں اس کی معیاد ختم تو نہیں ہو چکی تو وہ اس ایپلی کیشن کا سہارا لے سکتا ہے۔
کہنے کو تو کہا جا سکتا ہے کہ اتنا جھنجٹ کون کرے کہ نابینا کو اسمارٹ فون وہ بھی آئی فون فراہم کیا جائے جس پر انٹرنیٹ بھی چل رہا ہو، اس سے اچھا ہے وہ اپنے کسی قریبی فرد کو آواز دے کر بلا لے، لیکن ایسا کچھ کہنا یا اندازہ لگانا غلط بھی ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اس ایپلی کیشن کے ریکارڈ کے مطابق اب تک بائیس ہزار سے زائد نابینا افراد اسے استعمال کر رہے ہیں جبکہ انھیں مدد فراہم کرنے کے لیے تین لاکھ کے قریبی تندرست افراد نے اس ایپلی کیشن کو انسٹال کیا اور قریباً ایک لاکھ مسائل میں نابینا افراد کی فوری مدد کی۔
اگر آپ بھی اپنے فارغ وقت میں کسی کی مدد کر کے ثوابِ دارین حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ’’بی مائی آئیز‘‘ ایپلی کیشن انسٹال کریں اور کسی کی آنکھیں بنیں۔ آپ جتنے لوگوں کی مدد کریں گے اس کے عوض آپ کو پوائنٹس دیے جائیں گے اور آپ مختلف لیولز پر پہنچ سکیں گے۔
قیمت و دستیابی:
bemyeyes
’’بی مائی آئیز‘‘ ایپلی کیشن فی الحال صرف آئی او ایس پلیٹ فارم کے لیے دستیاب ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ اس کی کوئی قیمت نہیں، یعنی یہ ایپلی کیشن بالکل مفت دستیاب ہے۔
koi link nahi dia huwa yahan apne