ایپل کمپنی کے نئے سمارٹ فون "آئی فون 8 پلس” کی بیٹری کے پھولنے کے مسئلے نے اس وقت ایک نیا موڑ لے لیا جب چین سے کچھ نئے صارفین نے ایپل کو مطلع کیا کہ بیٹری کے پھولنے کی وجہ سے ان کے فون کے حصے الگ ہوگئے۔
اس سے پہلے تائیوان اور جاپان سے ایسی ہی اطلاعات موصول ہونے پر ایپل نے تحقیقات شروع کردی تھیں۔
ڈیلی میل کو چینی صارفین نے بتایا کہ استعمال کے کچھ ہی دنوں بعد بیٹری غیر معمولی طور پر پھولنا شروع ہوگئی جس کی وجہ سے بالآخر سکرین پچھلے حصے سے الگ ہوگئی، ایک چینی صارف نے بتایا کہ 5 اکتوبر کو جب اس نے نیا آئی فون 8 پلس خریدا تب اس میں پھولنے کی ایسی کوئی علامات نہیں تھیں۔
ایک چینی صارف نے اپنے آئی فون 8 پلس کی تصاویر انٹرنیٹ پر شائع کی ہیں جس میں واضح طور پر سکرین کو پچھلے حصے سے الگ دیکھا جاسکتا ہے۔
اس نئی پیش رفت پر ایپل کا کہنا ہے کہ کمپنی کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید کسی تفصیل میں جانے سے انکار کردیا۔