ایپل نے آئی فون 8، 8 پلس اور آئی فون ایکس سے پردہ اٹھا دیا

ایپل کے سی ای او ٹِم کک اور سینیئر وائس پریزیڈینگ ورلڈ وائیڈ مارکیٹنگ Phil Schiller  نے کیلی فورنیا، امریکہ میں منعقدہ تقریب میں ایپل آئی فون کے تین نئے ماڈل پیش کردیے ہیں۔ یہ ماڈل آئی فون 8، 8 پلس اور آئی فون ایکس  ہیں۔ آئی فون ایکس کو اس تقریب میں خصوصی اہمیت حاصل تھی کیونکہ یہ وہ فون ہے جس کے بارے میں سب سے زیادہ خبریں لیک ہوئی تھیں۔ یاد رہے کہ اس فون کے نام میں موجود ایکس کو Tenپڑھا جائے گا۔یہ نام اسے آئی فون کے 10 سال مکمل ہونے پر  دیا گیا ہے۔

آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس

آئی فون 8 اور آئی فون 8 پلس آئی فون کی پچھلی نسل کی بہتر شکل ہیں۔ یہ ماڈل تین رنگوں ( سیاہ، سرمئی اور سنہرا ) میں دستیاب ہونگے اور ان کا ڈیزائن پچھلے آئی فون سے الگ نہیں ہے۔ اس ماڈل میں وائرلیس چارجنگ کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔ آئی فون 8 میں ایک ہی بیک کیمرا ہے جبکہ آئی فون 8 پلس میں 2 بیک کیمرے ہیں۔ دونوں ہی ماڈل واٹر اور ڈسٹ پروف ہیں۔ دونوں ماڈلز میں ایک نئی چپ A11 Bionic نصب ہے  ۔ اس چپ کے 2 ہائی پرفارمنس cores کے بارے میں ایپل کا دعویٰ ہے کہ وہ آئی فون  7 میں نصب A10 چپ کے ہائی پرفارمنس کورز سے 25 فیصد زیادہ تیز رفتارہیں۔ A10 چپ میں 2 ہائی ایفی شینسی کورز تھیں لیکن A11 بائیونک چپ میں ایسی چار کورز ہیں جن کی رفتار A10کی کورز سے 70 فیصد تک زیادہ ہے۔

ان ماڈلز کا کیمرا 60 فریمز فی سیکنڈ کی رفتار سے  4K ویڈیو  بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئی فون 8 کی قیمت 699 امریکی ڈالر سے جبکہ  آئی فون 8 پلس کی قیمت 799 امریکی ڈالر سے شروع ہوگی۔ 15 ستمبر سے صارفین نئے ماڈلز کے آرڈر دے سکیں گے۔

آئی فون ایکس (ٹین)

iPhone X

یہ ایپل کا اب تک کا سب سے خاص ماڈل ہے۔ اس کا ڈیزائن اسے دوسرے ماڈلز سے منفرد بناتا ہے جبکہ اس کی خصوصیات بھی دوسرے ماڈلز کے مقابلے میں بے حد عمدہ ہیں۔اس کی اسکرین ایج ٹو ایج ہے جبکہ فون کے دونوں جانب گلاس استعمال کیا گیا ہے۔ سائیڈوں میں اسٹین لیس اسٹیل استعمال کیا گیا ہے۔ یہ دو رنگوںسلور اور سرمئی میں دستیاب ہوگا۔

ایپل اس فون کی اسکرین کو سپر ریٹینا ڈسپلے کہہ رہا ہے کیونکہ اس کی اسکرین میں پکسلز کی کثافت (density) 458 پی پی آئی (پکسل پر انچ) ہے۔ اسکرین کا سائز 5.8 انچ ہے جبکہ ریزولوشن 2436 x 1125 ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی فونز کے اب تک پیش کیے گئے جتنے بھی ماڈل ہیں، ان میں یہ پہلا ماڈل ہے جس میں OLED اسکرین استعمال کی گئی ہے۔ ایپل کی حریف کمپنیاں کافی عرصے سے OLED اسکرین پر مبنی اسمارٹ فون بنا رہی ہیں۔

اس فون کی ایک خوبی Face ID ٹیکنالوجی ہے۔اس ٹیکنالوجی کی بدولت آئی فون ایکس اپنے مالک کو پہچانتا ہے اس کا چہرہ دیکھ کر ان لاک ہوسکتا ہے۔ ایپل کا دعویٰ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی بہت درستگی سے کام کرتی ہے اور اس بات کا امکان دس لاکھ میں سے صرف ایک ہے کہ فیس آئی ڈی اپنے مالک کے چہرے کی جگہ کسی دوسرے شخص کا چہرہ دیکھ کر ان لاک ہوجائے۔

آئی فون ایکس کی قیمت 999 امریکی ڈالر سے شروع ہوگی اور صارفین 25 اکتوبر سے اس کے آرڈر دینا شروع کرسکیں گے۔

آئی فونآئی فون 8آئی فون ایکس