امریکا میں ایپل اور سام سنگ برابر کی سطح پر

امریکا کو ہمیشہ ایپل کا مضبوط ترین میدان سمجھا جاتا تھا۔ سالہا سال سے ایپل کی مصنوعات امریکی مارکیٹ میں سب سے آگے رہتی تھیں لیکن اب مشرق سے ابھرنے والا سام سنگ کچھ عرصے سے ایپل کو خوب ٹکر دے رہا ہے، یہاں تک کہ اب مارکیٹ میں دونوں برابر کی سطح پر آ گئے ہیں۔

اگست 2017ء میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے نتائج کے مطابق ایپل آئی او ایس میں سال بہ سال میں 3.7 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا جس کے ساتھ وہ 35 فیصد مارکیٹ پر قابض ہے جبکہ سام سنگ صرف 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 35.2 فیصد مارکیٹ رکھتا ہے۔

کینٹر ورڈ پینل (Kantar Wordpanel) نامی ادارے کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ویرائزن (Verizon) کے ذریعے ہونے والی کمزور فروخت نے سام سنگ کو کافی متاثر کیا جبکہ اسی کیریئر سے ایپل نے تقریباً 50 فیصد کو چھوا ہے یعنی اے ٹی اینڈ ٹی کے ساتھ معاہدے سے بھی زیادہ، جسے آئی فون کا قلعہ سمجھا جاتا ہے۔

امریکا میں آئی فون کی فروخت میں یہ اضافہ آئی فون8 اور آئی فون8 پلس کی آمد سے ایک ماہ قبل ہوا ہے، جو بہت ہی حیران کن ہے کیونکہ عام طور پر نئی ڈیوائس جاری ہونے سے پہلے فروخت میں کمی واقع ہوتی ہے۔

گو کہ سام سنگ اور آئی او ایس برابر کی سطح پر کھڑے ہیں لیکن اینڈرائیڈ اب بھی امریکا کا سب سے مقبول آپریٹنگ سسٹم ہے جو آئی او ایس کے 35 فیصد کے مقابلے میں 63.2 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتا ہے ۔ البتہ امریکا سے باہر کچھ مقامات ایسے ہیں جہاں آئی او ایس مقبولیت پا رہا ہے ، جیسا کہ چین، جرمنی، فرانس اور اسپین میں، جہاں آئی او ایس نے خوب برگ و بار پھیلائے ہیں۔ البتہ برطانیہ میں اس کی مارکیٹ سکڑی ہے جہاں سام سنگ گلیکسی 8 اور جے3 مارکیٹ پر قبضہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

یورپ کی پانچ بڑی مارکیٹوں میں مجموعی طور پر ایپل آئی او ایس کی فروخت میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا جو برطانیہ میں سام سنگ کی کامیابی کی وجہ سے بہت معمولی اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔ برطانیہ میں آئی فون8 اور آئی فون ایکس کے اجراء سے چند ہفتے قبل سام سنگ نے بھرپور فائدہ اٹھایا ہے اور تین سال کی بلند ترین شرح 38.4 فیصد حاصل کی۔

چین میں بھی، بالخصوص شہروں میں، آئی فون کے شیئر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں آئی او ایس کی شرح 13.4 فیصد سے بڑھ کر 17.7 فیصد تک ہوگئی ہے۔ البتہ اب بھی چین کی مارکیٹ پر ہواوی کا قبضہ ہے جو 31.1 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتا ہے۔ سال بہ سال میں اس کی شرح میں ڈیڑھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے بعد اوپو اور ویوو برانڈ بنانے والا ادارہ بی بی کے الیکٹرونکس 19.7 فیصد مارکیٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پچھلے سال ان کا مارکیٹ شیئر صرف 6.7 فیصد تھا ۔

ایپلسام سنگ