اینگری برڈز سے سبھی واقف ہیں بچے ہوں یا بڑے، اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر سبھی یہ گیم کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ لیکن کیا یہ گیم تعلیمی میدان میں بھی استعمال ہو سکتا ہے؟
جی ہاں۔ کیونکہ اینگری برڈز بنانے والی کمپنی روویو اور یورنیورسٹی آف ہیلسنکی نے مل کر اینگری برڈز پلے گراؤنڈز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت فن لینڈ میں چھ سال تک عمر کے بچوں کو گیم کے ماحول میں تعلیم دی جائے گی۔ نہ صرف فن لینڈ بلکہ اس پروجیکٹ کو دیگر دنیا تک پہنچانے کا منصوبہ بھی تیار ہے کیونکہ فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنی روویو نے اپنے اس پروجیکٹ سے چائنا ایجوکیشنل ڈیویلپمنٹ کو بھی روشناس کرایا ہے جس میں بچوں کو تفریحی انداز میں تعلیم دی جائے گی۔ اس پروگرام میں لینگوئج، میتھ، میوزک، آرٹس اینڈ کرافٹس اور جسمانی کھیل شامل ہوں گے۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ روویو نے تعلیمی میدان میں قدم رکھا ہو، کیونکہ اس سے قبل یہ کمپنی ناسا، نیشنل جیو گرافک اور یورپیئن آرگنائزیشن آف نیوکلیئر ریسرچ کے ساتھ بھی تعلیمی مواد پر کام کر چکی ہے۔