ڈارک نیٹ پر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے لئے چار جولائی کا دن قیامت جیسا ثابت ہوا۔ اس دن قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈارک نیٹ کی مقبول ترین ویب سائٹس میں سے ایک AlphaBay کو بند کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ الفا بے کا ظہور سلک روڈ (SilkRoad) نامی ویب سائٹ کے اِسی طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہاتھوں خاتمے کے بعد ہوا تھا۔
ڈارک نیٹ پر ویب سائٹ کا ظاہر ہونا اور اپنا کام کرکے غائب ہوجانا معمول کی بات ہے۔ لیکن وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق الفا بے کی موت امریکہ، کینیڈا اور تھائی لینڈ کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوش کی وجہ سے ہوئی ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اس ویب سائٹ کو چلانے والے ایک اہم رُکن26 سالہ الیگزینڈر کازیس کو تھائی لینڈ کے شہر بینگ کاک سے 5 جولائی کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔ لیکن اس سے پہلے کہ کازیس کو امریکہ کے حوالے کیا جاتا، کازیس سےجیل میں خودکشی کرلی۔ اسی دوران کینیڈا اور امریکہ میں بھی گرفتاری اور چھاپے مارے گئے۔
ڈارک نیٹ پر الفا بے کا ظہور 2014ء میں ہوا تھا۔ یہ وہی وقت تھا جب سلک روڈ کو امریکی ایف بی آئی نے کافی تگ و دو کے بعد بند کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ماہرین کے مطابق الفا بے کے مالکان روزانہ کم و بیش 6 سے 8 لاکھ ڈالر کماتے تھے۔ اس کی تصدیق اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ جب تھائی لینڈ میں الیگزینڈر کازیس کو گرفتار کیا گیا، اس وقت اس کے پاس 4 انتہائی مہنگی Lamborghinis گاڑیاں اور 11 ملین ڈالر سے بھی زائد کی تھائی کرنسی موجود تھی۔
ڈارک ویب پر سِلک روڈ کی پہچان منشیات کی فروخت تھی، لیکن الفا بے پر زیادہ دھندا کریڈٹ کارڈز کا چوری کئے ہوئے ڈیٹا کی خرید و فروخت کا تھا۔ 2017 کے پہلے چھ ماہ میں الفا بے نے 5 ملین ڈالر کے صرف کریڈٹ کارڈ نمبر فروخت کئے۔