اے او ایل "AOL” نے اپنے عہد ساز مسنجر "AIM” کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے جسے پہلی بار 1996 میں ریلیز کیا گیا تھا تاہم 15 دسمبر 2017 سے یہ دستیاب نہیں رہے گا، اس کے ساتھ ہی انٹرنیٹ کی تاریخ کی یہ 20 سالہ قدیم عہد ساز علامت ٹیکنالوجی کے مقبرے میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ یہ کاروائی ویری سائن کے یاہو پر ٹیک اوور کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔
اے آئی ایم اپنے عہد کا ایک معیاری مسنجر تھا اور بہت سے لوگوں کے لیے یہ چیٹنگ کا آغاز تھا، نئی صدی کے آغاز میں آے آئی ایم کا تقریباً پورے شمالی امریکہ پر راج تھا تاہم جدید سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور واٹس ایپ جیسے ایپس کی جانب سے دباؤ کے سبب کمپنی اسے اپنی آخری آرامگاہ کی طرف بھیجنے پر مجبور ہوگئی۔
اس وقت اے آئی ایم کی سروس کو میک، ونڈوز، آئی او ایس اور اینڈرائڈ پر بند کرنے پر کام جاری ہے، پروگرام کو ڈاؤنلوڈ کرنے کے روابط بھی جلد غائب ہونا شروع ہوجائیں گے اور فرینڈ لسٹ کو ڈاؤنلوڈ کرنا کا کوئی طریقہ نہیں ہے، اے اور ایل نے ایک ای میل کے ذریعے اے آئی ایم کے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ وہ 15 دسمبر تک ارسال کی گئی تصاویر ڈاؤنلوڈ کر سکیں گے۔
نوے کی دہائی میں اے آئی ایم امریکا آن لائن کے پیکج کا حصہ تھا تاہم مئی 1997 میں اسے مستقل حیثیت دے دی گئی، کمپنی کے اعلان کے مطابق تمام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیے جائیں گے تاہم اس سے منسلک ای میل سروس کام کرتی رہے گی۔