ونڈوز سرور 2008، مائیکروسافٹ کی جانب سے نیا آپریٹنگ سسٹم

ونڈوز سرور 2008 ، مائیکروسافٹ کی سرور سیریز کا تازہ ترین آپریٹنگ سسٹم ہے جسے مائیکروسافٹ ونڈوز 2003 سرور کے اجراءکے پانچ سال بعد جاری کیا گیا ہے۔ 27 فروری 2008ءکو جاری ہونے والے اس آپریٹنگ سسٹم کی اہمیت عام صارفین کے لئے نہیں بلکہ نیٹ ورکس اور سرورز سے منسلک افراد کے لئے ہے۔ یہ آپریٹنگ سسٹم 32 بِٹ اور 64 بِٹ انٹل اور اے ایم ڈی سنگل اور ملٹی کور پروسیسرز پر چلنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ ونڈوز سرور کا یہ ورژن انسٹالیشن میں سبک رفتار اور سنبھالنے میں انتہائی سہل ہے۔ استعمال کے دوران اس کی ہیئت ونڈوز وستا جیسی محسوس ہوتی ہے اس کی وجہ اس کا ونڈوز وستا کے کوڈ بیس (Code Base) پر مبنی ہونا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی بیشتر خصوصیات اور سہولیات ونڈوز وستا سے ملتی جلتی ہیں۔
ابتداءمیں اسے ونڈوز سرور لانگ ہارن کے کوڈ نیم سے پکارا جاتا تھا۔ تاہم 16 مئی 2007ءکو ہونے والی WinHEC میں بل گیٹس نے اس کے اصل نام ”ونڈوز سرور 2008“ کا اعلان کیا۔ اپنی فائنل ریلیز سے پہلے مختلف مواقع پر اس کے کئی بی ٹا اور آزمائشی ورژن جاری کئے جاتے رہے ہیں۔

سرور کور
ونڈوز سرور 2008 میں سرور کور ایک منفرد سہولت ہے۔ یہ ایک مختلف طرز کی انسٹالیشن ہے جس میں ونڈوز ایکسپلورر انسٹال نہیں کیا جاتا۔ تمام تر کنفگریشن اور دیگر امور کمانڈ لائن سے انجام دیئے جاتے ہیں یا پھر کسی مائیکروسافٹ منیجمنٹ کنسول (MMC) کے ذریعے Remotely کئے جاتے ہیں۔ تاہم اس انسٹالیشن میں بھی کچھ گرافیکل ایپلی کیشنز جیسے نوٹ پیڈ اور کنٹرول پینل ایپلٹس وغیرہ دستیاب ہوتی ہیں۔
سرور کور میں انٹرنیٹ ایکسپلورر، ڈاٹ نیٹ فریم ورک سمیت کئی فیچر موجود نہیں ہوتے۔ ایک سرور کور مشین کو ڈومین کنٹرولر، ایکٹیو ڈائریکٹری ڈومین سروسز، ڈی این ایس سرور، ڈی ایچ سی پی سرور، فائل سرور، پرنٹ سرور، ونڈوز میڈیا سرور، آئی ئی ایس ویب سرور اور ہائپر ایچ ورچوئل سرور بنایا جاسکتا ہے۔ نیز یہ کلسٹر سرور بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ونڈوز پاور شیل
ونڈوز سرور 2008 مائیکروسافٹ کی جانب سے پہلا آپریٹنگ سسٹم ہے جس میں ونڈوز پاور شیل شامل ہے جو کمانڈ لائن شیل کا بہتر ورژن اور اسکرپٹنگ ٹیکنالوجی ہے۔ پاورشیل آبجیکٹ اورینٹڈ پروگرامنگ اور ڈاٹ نیٹ فریم ورک 2 پر بنیاد رکھتا ہے۔ نیز اس میں 120 سے زائد مختلف سسٹم یوٹیلیٹیز بھی شامل ہیں۔ پاور شیل کے اسکرپٹنگ لینگویج خاص طور پر آئی ٹی ایڈمنسٹریٹرز کے لئے بنائی گئی ہے جسے کمانڈ پرامپٹ اور ونڈوز اسکرپٹ ہوسٹ کی جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

(مکمل مضمون پڑھنے کے لیے جولائی 2008 کا شمارہ ملاحظہ کیجیے)

ونڈوز سرور