ایڈوبی اگلے تین سال میں فلیش کو ریٹائر کردے گا

آپ نے دیکھا ہوگا کہ کئی ویب سائٹس کو کھولنے پر براؤزر آپ کو بتاتا ہے کہ آپ ویب سائٹ نہیں دیکھ سکیں گے کہ کیونکہ آپ کے پاس فلیش پلیئر انسٹال نہیں۔ ایک دہائی قبل انٹرنیٹ پر سب سے پسندکیا جانے والا سافٹ ویئر فلیش اب ہمیشہ کے لیے بند ہونے جارہا ہے۔ ایڈوبی نے اعلان کیا ہے کہ فلیش کو 2020ء میں مکمل طور پر ریٹائر کردیا جائے گا۔ ایڈوبی کا کہنا ہے کہ فلیش کی سپورٹ اگلے تین سال میں مرحلہ وار ختم کردی جائے گی۔ یوں انٹرنیٹ کا ایک اہم باب ہمیشہ کے لیے بند ہوجائے گا۔

فلیش کو ریٹائر کرنے کی باتیں گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہیں۔ جدید ویب براؤزر میں فلیش جیسی خصوصیات کی شمولیت کی وجہ سے اب فلیش کی ضرورت نہیں رہی۔ فلیش کو انٹر ایکٹیو ویب سائٹس بنانے کے لیے خاص طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ تاہم ویب کے جدید معیارات (اسٹینڈرڈز) کی وجہ سے فلیش کے بغیر بھی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ اس لیے گوگل، ایڈوبی، مائیکروسافٹ، فیس بک اور موزیلا جیسی کمپنیاں ڈیویلپرز کی حوصلہ افزائی کررہی ہیں کہ وہ جدید معیارات کو اپناتے ہوئے ویب سائٹس تیار کریں۔ 2020 کے بعد ایڈوبی فلیش کے لیے کوئی اپ ڈیٹ جاری نہیں کی جائے گی اور ویب براؤزر اسے سپورٹ کرنا بند کردیں گے۔

20 سال پہلے بنے اس سافٹ ویئر کی بنیاد پر بہت سے کھیل، ویڈیو پلیئر اور ایپس بنائی گئی تھیں جو تمام ویب براؤزر میں چلتی تھیں۔ لیکن فلیش کے ساتھ ہمیشہ سکیوریٹی کے مسائل رہے ہیں جبکہ اس کی پرفارمنش بھی ہمیشہ زیر بحث رہی ہے۔ اس کی ناقص پرفارمنس اور سکیوریٹی کی وجہ سے 2010 ء میں ایپل کے آنجہانی سی ای او اسٹیو جابز نے بھی اس پر خوب تنقید کی۔ بعد میں ایپل نے آئی فون میں فلیش شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سب سے زیادہ مشہور ویب براؤزر گوگل کروم پر فلیش کا استعمال اب کافی کم ہو گیا ہے۔ 2014 میں 80٪ فیصد ڈیسک ٹاپ یوزر فلیش کا استعمال کر رہے تھے جو اب گھٹ کر صرف 17٪رہ گئے ہیں اور مسلسل کم ہورہے ہیں۔

ایک تبصرہ
  1. BOZDAR Mustafa says

    would there be any impact if this software is closed down permanently?

Comments are closed.