ابنٹو 17.10 ریلیز، گنوم کے لیے یونٹی کی قربانی

کینونکل ہر چھ ماہ بعد اپنا مقبولِ عام آپریٹنگ سسٹم ابنٹو ریلیز کرتا ہے، عام طور پر ایک ریلیز اور اس سے قبل والی ریلیز میں کوئی خاص فرق نہیں ہوتا اور چھوٹی چھوٹی تبدیلیوں اور ان کی تفصیلات میں جانا بورنگ ہوتا ہے کیونکہ یہ محض انکریمینٹل تبدیلیاں ہی ہوتی ہیں تاہم ابنٹو 17.10 جس کا کوڈ نیم Artful Aardvark ہے اور جو گزشتہ روز ہی ریلیز ہوئی ہے کو بڑی ڈیل قرار دیا جاسکتا ہے۔

اب ابنٹو میں ایک نیا ڈیسک ٹاپ منیجر، ڈسپلے سرور اور درمیانے درجے کی اپڈیٹس شامل ہیں، مزید برآں اب 32 بٹ پراسیسر پر انسٹالیشن کے لیے بھی کافی محنت درکار ہوگی۔

سالوں کی محنت کے بعد کینونکل نے اپنا مخصوص ڈیسک ٹاپ اینوائرمنٹ اور ڈسپلے سرور ڈیولپ کیا تاہم اب یونٹی Unity اور میر Mir اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں لہذا تازہ ترین ابنٹو 17.10 میں آپ کو گنوم ورژن 3.26 ڈیسک ٹاپ کے ساتھ وے لینڈ ڈسپلے سرور براجمان نظر آئے گا۔

اس سے قطع نظر کہ کینونکل نے ابنٹو کو اپنا مخصوص ٹچ دینے کی کوشش جاری رکھی تاکہ یہ دوسری ڈیسٹری بیوشنز کی طرح نہ لگے، یہ کوشش یونٹی اور میر کے جانے کے بعد بھی جاری نظر آتی ہے لہذا جہاں تازہ ترین ابنٹو میں گنوم کی ایپلیکیشنز موجود ہیں وہیں گنوم شیل کے ایکسٹینشنز اور ابنٹو ڈوک اور تھیم ہنوز موجود ہیں۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اگر آپ ابنٹو 17.04 یا 16.04 سے اپگریڈ کر رہے ہیں تو اپگریڈ کے عمل کے مکمل ہونے کے بعد آپ گنوم ڈیسک ٹاپ اینوائرنمنٹ میں پہنچ جائیں گے، مگر کینونکل یونٹی کو ڈیلیٹ نہیں کرے گا، اگر آپ یونٹی اینوائرنمنٹ یوز کرنا چاہتے ہیں تو آپ ایسا کر سکتے ہیں مگر اب کے بعد اسے کوئی اپڈیٹ نہیں ملنے والی۔

ایک اور چیز جسے اب مزید کوئی اپڈیٹ نہیں ملے گی وہ ہے 32 بِٹ کے سسٹم، اب ابنٹو 17.10 سے کینونکل ابنٹو کا 32 بِٹ ڈسک امیج ڈاؤنلوڈ کے لیے فراہم نہیں کرے گا۔

لیکن اب ایسا بھی نہیں کہ 32 بِٹ کی سپورٹ بالکل ہی ڈراپ کی جا رہی ہے، اگر آپ پہلے سے ہی ابنٹو کا 32 بِٹ کا بلڈ چلا رہے ہیں تو آپ اس نئے ورژن پر اپگریڈ کر سکتے ہیں، ساتھ ہی آپ Netinst اور MinimalCD امیج کا استعمال کر کے ابنٹو کو کسی پرانے سی پی یو پر لوڈ کر سکتے ہیں۔

ابنٹو 17.10 کی مزید تبدیلیاں ذرا کم ڈرامائی ہیں، کلوز، مینمائز اور میکسمائز کے بٹن اب خدا خدا کر کے دائیں طرف واپس آگئے ہیں جیسا کہ کسی زمانے میں ہوا کرتے تھے، آپریٹنگ سسٹم میں لینکس کرنل ورژن 4.13 اور بہت سی دیگر ایپلیکیشنز اور پیکجز کے اپڈیٹس شامل ہیں۔

Comments are closed.