فیس بک پر خون عطیہ کرنے کا نیا فیچر
فیس بک لا رہا ہے بلڈ ڈونیشن کا نیا فیچر۔ جس کے ذریعے کہیں بھی اپنے قریب موجود خون عطیہ کرنے والے افراد سے رابطہ کیا جا سکے گا۔
آپ نے اکثر فیس بک پر دیکھا ہو گا کہ جب کسی کو خون کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ فیس بک پر اسٹیٹس لکھ کر اسے شیئر کرنے کی درخواست کرتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ درخواست پہنچ سکے اور کوئی خون عطیہ کرنے والا فرد مل سکے۔
اب فیس بک نے اس کام کو انتہائ آسان بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیس بک کے اس نئے فیچر کے تحت جو لوگ خون عطیہ کرنا چاہیں وہ ’’بلڈ ڈونر‘‘ کے طور پر رجسٹر ہو سکیں گے۔
بلڈ ڈونر بنتے وقت انھیں اپنے خون کا گروپ اور رابطے کی تفصیلات بھی دینا ہوں گی۔
اس طرح جب کسی کو خون کی ضرورت ہو گی تو وہ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے خون عطیہ کرنے کی درخواست کریں گے۔ فیس بک کا یہ فیچر فوری طور پر جہاں خون کی ضرورت ہو گی اس کے قریب موجود بلڈ ڈونرز کو نہ صرف تلاش کرے گا بلکہ اس بات کا بھی خیال رکھے گا کہ جو خون ضرورت ہو صرف اسی بلڈ گروپ کے بلڈ ڈونرز سے رابطہ کرے۔
بلڈ ڈونرز کو فوراً نوٹی فکیشن کے ذریعے اطلاع ملے گی اور اگر وہ خون عطیہ کرنے پر راضی ہوں تو اپنے رابطے کی تفصیلات ایک دوسرے سے تبادلہ کر سکیں گے۔
فیس بک کا یہ اقدام یقیناً انتہائی سراہے جانے کے قابل ہے کیونکہ اس طرح نہ صرف درست بلڈ گروپ بلکہ اپنے قریب میں موجود بلڈ ڈونر سے فوری رابطہ ہونے کی صورت میں کئی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے گا۔
یہ فیچر فی الحال صرف انڈیا میں جاری کیا گیا ہے لیکن امید ہے کہ اس کی کامیاب آزمائش کے بعد جلد یہ پوری دنیا میں دستیاب ہو گا۔
Comments are closed.