ہوشیار: پائریٹ بے نے صارفین کے سی پی یو مائننگ کے لیے استعمال کرنا شروع کردیے

اگر کروڑوں دیگر لوگوں کی طرح آپ بھی ٹورینٹس تلاش کرنے کےلیے "پائریٹ بے” کے دلدادہ ہیں تو یہ خبر آپ کے لیے کافی مایوسی کا باعث بنے گی۔ یہ معروف ویب سائٹ جو مختلف اشتہاری بینر لگا کر اور صارفین کو ادھر ادھر دوسری ویب سائٹس پر بھیج کر پیسے کماتی تھی، نے پیسے کمانے کا ایک نیا طریقہ اپنا لیا ہے۔ اس نئے طریقے کے بارے میں جان کر آپ کو خوشی نہیں ہوگی۔

Torrent Freak نے رپورٹ کیا ہے پائریٹ بے نے اپنے ہوم پیج اور دوسرے کئی پیجز پر جاوا اسکرپٹ کرپٹو کرنسی مائنر شامل کردیا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ پائریٹ بے کو اپنے ویب براؤزر میں کھولنے والے صارفین کے سی پی یو کو کرپٹو کرنسی مائننگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹورینٹ فریک کے مطابق کئی صارفین نے شکایت کی تھی کہ جیسے ہی وہ پائریٹ بے کھولتے ہیں، ان کے سی پی یو کا استعمال اچانک بڑھ جاتا ہے۔ اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ پائریٹ بے نے Coinhive نامی ویب سائٹ کا جاوا اسکرپٹ مائنر اپنی ویب سائٹ میں شامل کیا ہے۔

ٹورینٹ فریک نے مزید بتایا ہے کہ پائریٹ بے پر مائننگ کے لیے استعمال کیا گیا جاوا اسکرپٹ سی پی یو کو بہت زیادہ استعمال کرنے کے بجائے معمولی استعمال کرتا ہے تاکہ صارف کو زیادہ فرق محسوس نہ ہو۔ پائریٹ بے کا کرپٹو کرنسی مائنر Moneroنامی کرپٹو کرنسی کی مائننگ کرتا ہے۔ اس کرپٹو کرنسی کو 2014ء میں لانچ کیا گیا تھا اور اب اس کی قیمت 95 ڈالر فی ٹوکن ہے۔

ویب سائٹ دیکھنے والے صارفین کے سی پی یو کو کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے استعمال کرنے کا یہ آئیڈیا نیا نہیں ہے۔ ماضی میں اس کی کئی مثالیں موجود ہیں۔ لیکن پائریٹ بے جیسی بڑی ویب سائٹ ایسی حرکت کرے گی، اس کی توقع نہیں کی جارہی تھی۔

پائریٹ بے کے صارفین اس بات سے بے حد ناخوش ہیں کہ ان کی پسندیدہ ویب سائٹ نے انہیں بتائے یا اجازت لیے بغیر ہی ان کے سی پی یو کو کرپٹو کرنسی کی مائننگ کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

Comments are closed.