مفت ٹولز کی مدد سے اپنے حساس ڈیٹا کو ہمیشہ کے لیے ڈیلیٹ کیجئے
جب کوئی فائل ڈیلیٹ کی جاتی ہے، وہ ہارڈڈسک سے مکمل طور پر حذف نہیں ہوتی۔ بلکہ ونڈوز سمیت کئی آپریٹنگ سسٹم وقت بچانے کے لئے ڈیٹا کو ڈیلیٹ کرنے کے بجائے اس ڈیٹا کو نشان زد کردیتے ہیں کہ اسے ڈیلیٹ کردیا گیا تھا۔ یہ نشان ذدہ اسپیس بھی خالی ہی تصور ہوتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر آپریٹنگ سسٹم اس اسپیس کو بھی ڈیٹا محفوظ کرنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔
لیکن چونکہ ڈیٹا نشان ذد کیا گیا ہے نہ کہ ڈیلیٹ، اس لئے اس ڈیٹا کو عام دستیاب سافٹ ویئر ٹولز کی مدد سے بہ آسانی حاصل کیا جاسکتا ہے۔ عام حالات میں تو یہ قابل قبول ہے لیکن اگر ڈیٹا انتہائی حساس نوعیت کا ہو تو اسے کلی طور پر حذف کرنا ضروری ہے بصورت دیگر وہ کسی کے ہاتھ بھی لگ سکتا ہے۔ انٹرنیٹ پر لوگوں کی نجی تصاویر اور ویڈیوز کا جو ذخیرہ موجود ہے، اس میں اکثر اسی طرح سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس لئے ہم اس مضمون میں کچھ ٹولز کے بارے میں آگاہ کریں گے جو کسی بھی ڈیٹا کو ہارڈڈسک سے مکمل طور پر مٹا دیتے ہیں۔ خوش قسمتی سے یہ ٹولز مفت دستیاب ہیں اور انہیں انٹرنیٹ سے بہ آسانی ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
اریزر ( Eraser)
اس سافٹ ویئر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ونڈوز ایکسپلورر کے ساتھ منسلک ہوجاتا ہے اور رائٹ کلک مینو میں اس کے آپشنز شامل ہوجاتے ہیں۔ اس طرح جب کسی فائل یا فولڈر کو ڈیلیٹ کرنا مقصود ہوتا ہے تو اس پر رائٹ کلک کرکے Erase کے تحت موجود Erase یا Erase on restart کے آپشن پر کلک کردیں۔ Erase کا آپشن منتخب کرنے کی صورت میں یہ سافٹ ویئر ڈیٹا کو فی الفور ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کرے گا تاہم ہر بار اسے کامیابی نہیں ملتی۔ بعض فائلز جو ونڈوز کے زیر استعمال ہوں، انہیں یہ سافٹ ویئر خذف نہیں کر پاتا۔ ایسی صورت میں Erase on restart کا آپشن منتخب کریں تاکہ اگلی بار جب کمپیوٹر ری اسٹارٹ ہو تو یہ سافٹ ویئر ڈیٹا کو ڈیلیٹ کردے۔
اریزر ونڈوز کے تمام ورژنز کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے اور اسے لاکھوں لوگ استعمال کرتے ہیں۔ چونکہ یہ اوپن سورس ہے اس لئے اسے کئی دوسرے سافٹ ویئر میں بھی استعمال کیا گیا ہے۔
سی سی کلینر
ہارڈڈسک سے ڈیٹا کو مکمل طور پر حذف کرنے کا دوسرا طریقہ بھی بے حد آسان ہے۔ اس کے لئے سب سے پہلے بالکل عام طریقے سے ڈیٹا / فائلز کو ڈیلیٹ کیجئے اور ری سائیکل بن کو بھی خالی کردیں۔ اس کے بعد آپ کو سی سی کلینر درکار ہوگا۔
سی سی کلینر کے ٹولز میں ایک ٹول Drive Wiper کے نام سے موجود ہے۔ اسے ٹول کے ذریعے ہارڈڈسک پر موجودہ وہ ڈیٹا جسے خذف شدہ نشان ذد کیا گیا ہے، کو مکمل طور پر خذف کردیتا ہے۔
سی سی کلینر اور اریزر دونوں ایک ہی طریقہ کار استعمال کرتے ہیں، یعنی نشان ذدہ اسپیس پر بار بار مختلف (اور بیکار) ڈیٹا لکھنا۔ اس طرح اصل ڈیٹا ناقابل شناخت ہوجاتا ہے۔
Comments are closed.