سام سنگ ڈیوائس ہیک کرنے والے کے لیے دو لاکھ ڈالر کا انعام
گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیکنالوجی کمپنیوں میں یہ رجحان نظر آرہا ہے کہ وہ ہیکرز کو اپنی ڈیوائس یا نظام ہیک کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ اس مہم میں، خامی ڈھونڈنے اور اس کا حل نکالنے والے ہیکروں کے لیے بڑے بڑے انعامات کا اعلان کیا جاتا ہے۔ اسی رجحان کی پیروی کرتے ہوئے سام سنگ نے بھی ہیکرز کے لیے انعامی رقم مقرر کی ہے۔
سام سنگ کے اعلان کے مطابق، جو کوئی شخص ان کی مصنوعات میں خطرناک خامیاں تلاش کرے گا، اسے دو لاکھ ڈالر تک انعام دیا جائے گا۔ یہ موبائل سیکیورٹی انعامی پروگرام سام سنگ کی 38 موبائل ڈیوائسز کا احاطہ کرتا ہے جن میں گلیکسی ایس، گلیکسی نوٹ، گلیکسی اے، گلیکسی جے اور گلیکسی ٹیب سیریز شامل ہے۔ سام سنگ کی بہترین ڈیوائسز، ایس 8، ایس 8 پلس، اور نوٹ 8 بھی اس پروگرام میں شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ بکسبے، سام سنگ پے، سام سنگ اکاؤنٹ، سام سنگ پاس اور دیگر سروسز میں خامی تلاش کرنے پر انعام دے گی۔ یہ انعامی رقم کم از کم دو سو ڈالر سے شروع ہوگی اور اور خامی کی خطرناک ہونے کے درجے کے اعتبار سے بڑھتی جائے گی۔
واضح رہے کہ سام سنگ سے پہلے گوگل، مائیکروسوفٹ اور ایپل بھی ہیکروں کے لیے ایسے انعامات کا اعلان کرچکے ہیں۔
Comments are closed.