میموری کارڈز کی کارکردگی کو 100% برقرار رکھیں
میموری کارڈز کی آمد نے مختلف ڈیوائسز میں اسٹوریج کی کمی کا بہترین علاج کیا ہے۔ ایک وقت تھا جب موبائل فون میں سو ایم بی کی اسٹوریج بھی نہیں ہوتی تھی اور نہ ہی فون میں یہ سہولت موجود ہوتی تھی کہ کسی طرح اس اسٹوریج کو بڑھایا جا سکے۔
اسمارٹ فونز اور کیمروں میں میموری کارڈز کی سپورٹ نے ایسے مسائل کو یکسر ختم کر دیا ہے۔ اب اگر فون میں کم اسٹوریج ہو لیکن اس میں میموری کارڈ کی سپورٹ موجود ہو تو باآسانی کئی جی بی کا میموری کارڈ استعمال کرتے ہوئے ایک بڑی اسٹوریج حاصل کی جا سکتی ہے۔
میموری کارڈز آج کل اسٹوریج بڑھانے کے علاوہ اپنے اہم ڈیٹا کو بیک اپ کرنے کے لیے بھی بہت استعمال ہو رہے ہیں۔ اگر آپ میموری کارڈ میں اہم ڈیٹا محفوظ رکھنے کے عادی ہیں تو اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ میموری کارڈ کی کارکردگی عمد رہے۔
یاد رکھیں کہ میموری کارڈ کو کمپیوٹر یا ڈیوائس سے براہِ راست فارمیٹ کرنا اس کی زندگی اور کارکردگی دونوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ اسے فارمیٹ کرنے کے لیے ہمیشہ خاص طور پر اسی کام کے لیے تیار کیا گیا پروگرام استعمال کریں۔
ہر ایس ڈی کارڈ میں ایک مخصوص اور محفوظ حصہ ہوتا ہے جو ایس ڈی کارڈ کی سکیوریٹی کے لیے بنایا گیا ہوتا ہے۔ لیکن جب آپ کارڈ کو فون سے یا کمپیوٹر سے فارمیٹ کرتے ہیں تو وہ اس حصے کو بھی فارمیٹ کر دیتے ہیں۔
آپ نے یقیناً دیکھا ہو گا کہ یو ایس بی فلیش ڈرائیو کی جتنی اسپیس ہوتی ہے وہ پوری آپ کو نہیں ملتی، دراصل ایک خاص لیکن چھوٹا سا حصہ ڈیوائس کے اپنے لیے مخصوص ہوتا ہے۔ کمپیوٹر یو ایس بی فلیش ڈرائیو کو تو درست طریقے سے فارمیٹ کر سکتے ہیں لیکن میموری کارڈز کے ساتھ انصاف نہیں کر پاتے۔
اگر آپ اپنے میموری کارڈکی کارکردگی کو ہمیشہ سو فیصد برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ’’ایس ڈی کارڈ فارمیٹر‘‘ (SD Card Formatter) پروگرام استعمال کریں جسے خاص طور پر ہر طرح کے میموری کارڈز کو درست انداز میں فارمیٹ کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
اس پروگرام کا تذکرہ ہم پہلے بھی کمپیوٹنگ میں کر چکے ہیں لیکن اب اسے دوبارہ شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ اس کا نیا ورژن 5 ریلیز ہوا ہے جو کہ گزشتہ ورژن کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مالک ہے۔
SD/SDHC/SDXC ان تمام کارڈز کی لمبی اور بہترین زندگی کے لیے ہمیشہ انھیں ایس ڈی کارڈ فارمیٹر سے ہی فارمیٹ کریں۔
یہ پروگرام ونڈوز اور میک آپریٹنگ سسٹم کے لیے درج ذیل ربط پر مفت دستیاب ہے:
Comments are closed.