ٹوئٹر نے ویب سائٹ پر ’نائٹ موڈ‘ متعارف کروادیا
بستر پر سونے کے لیے لیٹنے کے بعد اکثر ہمیں خیال آتا ہے کہ کیوں نہ ایک نظر فیس بک یا ٹوئٹر پر ڈال لی جائے۔ یہ الگ بات ہے کہ ایک نظر دیکھنے کے ارادے سے شروع کرکے ہم بعض اوقات آدھ ایک گھنٹہ ہی آن لائن آوارہ گردی کرتے گزار دیتے ہیں۔ ایسے ہی لوگوں کا خیال کرتے ہوئے ٹوئٹر نے اپنی ویب سائٹ پر نائٹ موڈ متعارف کروادیا ہے۔
نائٹ موڈ کی مدد سے آپ کی آنکھوں پر دباؤ نہیں پڑے گا اور آپ پُر سکون انداز میں ٹوئٹر پر وقت گزار سکیں گے۔ کمپنی کی جانب سے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ایپ کے لیے یہ فیچر 2016ء میں پیش کیا گیا تھا۔ ویب کے لیے اس فیچر کا وعدہ بھی تبھی کیا گیا تھا لیکن ایسا لگنے لگا تھا جیسے ٹوئٹر ٹیم اپنا یہ وعدہ بھول چکی ہو۔
ٹوئٹر کی جانب سے یہ فیچر بدھ کو عام کیا گیا، اگرچہ منتخب صارفین کے لیے آزمائشی طور پر یہ گزشتہ چند ہفتوں سے دستیاب تھا۔ اگر آپ رات میں اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر ٹوئٹر استعمال کرتے ہیں تو آپ اس فیچر سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
نائٹ موڈ تک رسائی بے حد آسان ہے۔ دائیں طرف اوپر کی جانب اپنی پروفائل تصویر پر کلک کرنے سے ایک ڈراپ ڈان مینیو کھلے گا، جس میں سب سے نیچے ’’نائٹ موڈ‘‘ کا آپشن نظر آئے گا۔ اس پر کلک کیجیے اور نائٹ موڈ کے مزے لیجیے۔
Comments are closed.