’فیس بک واچ‘ امریکی صارفین کے لیے دستیاب
ایک دوسرے کے حریف ہونے کے ناتے، گوگل اور فیس بک کے درمیان مسابقتی دوڑ لگی ہی رہتی ہے۔ ایک طرف گوگل کی کوشش ہے کہ وہ فیس بک اور اس کی دیگر مصنوعات کا متبادل فراہم کرسکے، تو دوسری طرف فیس بک چاہتا ہے کہ گوگل کی مختلف سروسز کو ٹکر دے سکے۔
ایسی ہی ایک کوشش میں، فیس بک نے اپنی نئی سروس ’فیس بک واچ‘ کا آغاز کردیا ہے۔ یوٹیوب طرز کی یہ سروس فی الحال صرف امریکی صارفین کو فراہم کی گئی ہے۔
فیس بک واچ، دراصل فیس بک ہی میں فراہم کردہ ایک الگ ٹیب ہوگا جس پر مختلف میڈیا پارٹنرز کی جانب سے اپلوڈ کردہ سیکڑوں پروگرام، لائیو شوز اور دیگر تفریحی و معلوماتی ویڈیوز دیکھی جاسکیں گی۔
جب فیس بک کی جانب سے ہر شخص کو ویڈیو اپلوڈ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی تو یہ سروس یوٹیوب جیسی شکل اختیار کرلے گی۔ البتہ فی الحال یہاں صرف چند ویڈیوز ہی دستیاب ہیں۔ یہ سروس دنیا بھر کے صارفین کو کب دستیاب ہوگی، اس حوالے سے فیس بک کی جانب سے تاحال کوئی منصوبہ سامنے نہیں آیا ہے۔
Comments are closed.