مائیکروسافٹ ورڈ کی فائل لاک ہوچکی فائل کیسے کھولیں

سوال: میں نے مائیکروسافٹ ورڈ میں ایک فائل بنائی تھی۔ لیکن اب میں جب بھی اسے کھولنے کی کوشش کرتا ہوں تو مجھے ایک پیغام نظر آتا ہے کہ یہ فائل lock ہے اور اسے کھولا نہیں جاسکتا۔ میں اس فائل کو کیسے دوبارہ کھول سکتا ہوں؟

جب آپ مائیکروسافٹ ورڈ ، ایکسل یا پاور پوائنٹ کی کوئی فائل تدوین (editing) کے لئے کھولتے ہیں تو مائیکروسافٹ ورڈ/ایکسل/پاور پوائنٹ اس فائل پر ایک خاص قسم کی پابندی لگا دیتا ہے (تکنیکی زبان میں کہیں تو اسے لاک کردیتا ہے) تاکہ جب تک آپ اس کی تدوین کررہے ہیں، کوئی دوسرا یوزر اسے کھول کر اس میں کوئی تبدیلی نہ کردے۔

ایسا کرنا حفاظتی نقطہ نظر سے بہت اہم ہے۔ اگر مائیکروسافٹ آفس ایپلی کیشنز ایسا نہ کریں تو آپ کی فائل کو کوئی دوسرا صارف overwriteکرسکتا ہے۔ جب آپ تدوین سے فارغ ہوکر فائل کو بند کرتے ہیں تو آفس ایپلی کیشن فائل پر لگی پابندی بھی ختم کردیتی ہے۔ لیکن بعض اوقات ایسا نہیں ہو پاتا۔ یعنی فائل بند بھی ہوجاتی ہے لیکن لاک ختم نہیں ہوتا۔ خاص طور پر جب آفس کریش کرجائے یا لیپ ٹاپ/ کمپیوٹر اچانک بند/ری اسٹارٹ ہوجائے تو ایسی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے۔

اس مسئلے کو حل کرنے سے پہلے آپ کو یہ سمجھنا ہوگا کہ مائیکروسافٹ آفس فائل کو لاک کیسے کرتا ہے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

file-locked

فرض کریں کہ آپ ایک ورڈ ڈاکیومنٹ abc.docx کھولتے ہیں۔ جیسے ہی مائیکروسافٹ ورڈ اس فائل کو کھولے گا، جس جگہ پر یہ فائل موجود ہے، وہیں ایک نئی فائل ~$abc.docx کے نام سے بن جائے گی۔ آپ نوٹ کیجئے کہ فائل کا نام اصل فائل کے نام جیسا ہی ہے فرق صرف نام کے شروع میں موجود ~$ کے نشانات کا ہے۔ یہ فائل پوشیدہ (hidden) ہوتی ہے اس لئے ممکن ہے کہ آپ کو نظر ہی نہ آئے۔ اس فائل کی موجودگی سے آپ abc.docx کے مالک بن جاتے ہیں اور کوئی دوسرا صارف اس فائل کی تدوین نہیں کرسکتا۔ جب تک آپ فائل کو بند نہیں کریں گے، یہ فائل بدستور موجود رہے گی۔ جیسے ہی آپ فائل بند کریں گے یہ فائل خود بخوڈ حذف / ڈیلیٹ ہوجائے گی۔

آپ کے کیس میں یہ عارضی لاک فائل ڈیلیٹ نہیں ہوپائی۔ اس لئے آپ جب بھی فائل کھولتے ہیں تو مائیکروسافٹ ورڈ آپ کو فائل کا مالک سمجھنے کے بجائے کوئی دوسرا صارف سمجھتا ہے۔ اس کے کئی حل ہوسکتے ہیں۔ سب سے آسان حل یہ ہے کہ آپ پیغام میں نظر آنےو الے Read Only کے بٹن پر کلک کریں۔ اس طرح یہ فائل ناقابلِ تدوین حالت میں کھل جائے گی۔ آپ اس نئی فائل کو Save As کے ذریعے بطور نئی فائل محفوظ کریں۔ یہ نئی فائل کھولنے پر مکمل طور پر قابلِ تدوین ہوگی۔ دوسرا طریقہ جو قدرے مشکل ہوسکتا ہے، یہ ہے کہ آپ اس عارضی فائل کو حذف کردیں یا اس کا نام تبدیل کردیں جس کی وجہ سے فائل لاک ہے۔ جیسا کہ ہم نے پہلے آ پ کو بتایا کہ یہ فائل پوشیدہ ہوتی ہے اس لئے یہ آپ کو نظر نہیں آئے گی۔

اسے ظاہر کرنے کے لئے آپ فولڈر آپشن کھولیں۔ فولڈر آپشنز کھولنے کا طریقہ ونڈوز کے مختلف ورژنز میں مختلف ہے۔ ونڈوز سیون میں کسی بھی فولڈر کو کھولیں، کی بورڈ سے ALTکا بٹن دبائیں۔ اس طرح مینو ظاہر ہوجائے گا۔ Toolsمینو میں سے Folder Options کا انتخاب کریں۔ ایک طریقہ یہ ہے کہ آپ RUN باکس میںcontrol.exe folders لکھ کر اینٹر کریں۔ فولڈر آپشنز میں Viewکے ٹیب کھولیںاور پھر Show Hidden files, folders and drivesکے ریڈیو بٹن پر کلک کیجئے۔ OKکا بٹن دبائیں ۔ اس کے ساتھ ہی آپ کو لاک کا باعث بننے والی عارضی فائل نظر آنا شروع ہوجائے گی۔ اس عارضی فائل کو ڈیلیٹ کرنے سے پہلے اس کا نام تبدیل کریں اور اصل فائل کو کھول کر دیکھیں۔ اگر اصل فائل کامیابی سے کُھل جائے تو پھر آپ اس عارضی فائل جس کا نام آپ نے تبدیل کردیا ہے، ڈیلیٹ کردیں۔

ایک تبصرہ
  1. BOZDAR Mustafa says

    Great knowledge…..Thanks for that nice information. Loving it.
    Some times I download a file in PDF and when open try to open it says due to error the file is not available. Kindly advice for fixing it. Thanks

Comments are closed.