آئی فون کو ری اسٹارٹ کیے بغیر میموری کلیئر کریں

وہ لوگ جو اپنے اسمارٹ فون کو بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں یقیناً اس بات سے واقف ہوں گے کہ فون آہستہ آہستہ سست ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ دراصل درجنوں ایپس استعمال کرتے ہوئے فون کی میموری اس قدر زیادہ استعمال ہو جاتی ہے کہ فون کے لیے درست رفتار سے کام کرنا ممکن نہیں رہتا۔

اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ آپ تمام چلتی ایپلی کیشنز نہ صرف بند کریں بلکہ کسی طرح فون کی میموری کو بھی کلیئر کریں۔ عام طور پر صارفین اس عمل کو آسان بنانے کے لیے اپنا فون ری اسٹارٹ کر دیتے ہیں۔
اگر آپ آئی فون استعمال کرتے ہیں اور اکثر آپ کا فون میموری کی کمی کا شکار ہونے لگتا ہے تو ضروری نہیں کہ اسے ری اسٹارٹ کیا جائے۔ ایک بہت ہی آسان اور سادہ سی ٹِپ کےذریعے آئی فون کی میموری باآسانی کلیئر کی جا سکتی ہے۔
اس کے لیے سب سے پہلے تو اپنے فون کے پاور بٹن کو دبا کر رکھیں۔ جب فون کو بند کرنے کا سلائیڈر سامنے آجائے تو اسے استعمال مت کریں، یعنی فون کو بند نہیں کرنا۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

اسی وقت اب فون کا ہوم بٹن دبا کر رکھیں۔ اسے اُس وقت تک دبائے رکھیں جب تک فون کی عام اسکرین آپ کے سامنے ظاہر نہیں ہو جاتی۔

اگر آپ اس عمل کو درست طریقے سے انجام دینے میں کامیاب رہے تو آئی فون کی میموری فوراً ہی کلیئر کر دی جائے گی۔ چونکہ فون کی مکمل میموری صاف ہو چکی ہے اور استعمال کے قابل ہے تو آپ دیکھیں گے کہ فون واپس اپنی تیز رفتاری حاصل کر لے گا جیسے آپ نے اسے ری اسٹارٹ کیا ہو۔

میموری کلیئر ہوئی یا نہیں اس بات کی تصدیق اس طرح بھی کی جا سکتی ہے کہ ہوم بٹن کو ڈبل پریس کریں تاکہ پہلے سے کھلی تمام ایپس سامنے آجائیں۔ اب ان میں سے کسی ایپ کو چلائیں اگر ایپ دوبارہ سے مکمل لوڈ ہو تو آپ جان سکتے ہیں کہ میموری کلیئر ہو چکی ہے۔ وقتاً فوقتاً اس ٹِپ کو استعمال کرنے سے آپ کا فون بہترین کام کرے گا۔

Comments are closed.