سافٹ ویئر انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بنیادی فرق کیا ہے؟
سوال: سافٹ ویئر انجینئرنگ اور کمپیوٹر سا ئنس میں بنیادی فرق کیا ہے؟ اور ان شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے کام میں کیا فرق ہوتا ہے؟
یہ دو ایسے شعبے ہیں جنہیں اکثر و بیشتر ایک ہی سمجھا جاتا ہے۔ اخبارات میں نوکری کے لئے آنے والے اشتہارات شاید اس کی بڑی وجہ ہیں۔ ان اشتہارات میں درکار تعلیمی قابلیت کے طور پر اکثر لکھا ہوتا ہے کہ کمپیوٹر سائنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر انجینئرنگ یا ان سے متعلقہ مضمون میں سند یافتہ شخص مطلوب ہے۔ ایسی نوکری کے لئے ان ڈگریوں کے حامل افراد کے علاوہ کمپیوٹر انجینئرنگ کے سند یافتہ بھی درخواستیں دے رہے ہوتے ہیں۔ ان اسناد کے لیے مقامی جامعات میں پڑھایا پڑھائے جانے والے نصاب میں بہت معمولی سا ہی فرق ہے۔ حالانکہ یہ تمام شعبے ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ستم ظریفی تو یہ بھی ہے کہ کمپیوٹر آپریٹر کی نوکری کے لیے بھی کمپیوٹر سائنس میں گریجویشن کرنے والا فرد مانگا جاتا ہے۔
کمپیوٹر سائنس بنیادی طور کمپیوٹر سسٹم کی نظریاتی بنیاد ہے اور اس میں ریاضی کا بہت زیادہ عمل دخل ہے۔ کمپیوٹر کیسے کام کرتا ہے اور اس سے کوئی کام کیسے کروایا جائے، اس کا تعلق کمپیوٹر سائنس سے ہے۔ کمپیوٹر سائنس کو اکثر مسئلہ حل کرنے کی سائنس بھی کہا جاتا ہے۔ کمپیوٹر سائنس کا ماہر شخص ضروری نہیں کہ کسی پروگرامنگ لینگویج کا بھی ماہر ہو۔ کیونکہ اس شعبے میں پروگرامنگ زبانیں سیکھنا ثانوی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کی تعریف اتنی وسیع ہے کہ آپ جتنے لوگوں سے پوچھیں گے، آپ کو اتنی ہی الگ تعریف سننے اور پڑھنے کو ملے گی۔
دوسری جانب سافٹ ویئر انجینئرنگ کا تعلق اس بات سے ہے کہ اعلیٰ کارکردگی کے حامل سافٹ ویئر کیسے تیار کئے جائیں۔اس میں کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ دونوں کے اصول و مشق استعمال کرتے ہوئے کسی سافٹ ویئر سسٹم کو تیار کیا جاتا ہے، اسے چلایا جاتا ہے اور اس کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
Comments are closed.