ایپل میک بک پرو کا نیا ورژن

Apple Macbook Broایپل نے اپنی مشہور زمانہ نوٹ بک ’’ میک بک پرو‘‘ کا نیا ورژن متعارف کروادیا ہے۔ یہ نوٹ بک کئی حوالوں سے انقلابی کہی جاسکتی ہے۔ اس میں نصب اسکرین جس کا سائز 15.4ہے، کی زیادہ سے زیادہ ریزولوشن 2880×1800 پکسلز ہوسکتی ہے۔اسے Retina ڈسپلے کا نام دیا گیا ہے۔ یہ آج تک دستیاب کسی بھی لیپ ٹاپ یا نوٹ بک کی ریزولوشن سے زیادہ ہے۔ یہ ریزولوشن اتنی زیادہ ہے کہ انسانی آنکھ انتہائی قریب سے دیکھنے کے باوجود دو پکسلز کو الگ الگ نہیں پہچان سکتی۔ اس نوٹ بک کو چند منٹ استعمال کرنے والے صارف جب کسی دوسرے لیپ ٹاپ کی اسکرین کو دیکھتے ہیں تو چند سیکنڈ تک تو انکی آنکھیں دھندلائی رہتی ہیں۔ اس نوٹ بک کا ایک دوسرا ورژن بھی تیار کیا جارہا ہے جو کہ 13 انچ اسکرین کا حامل ہوگا اور اسے اسی سال متعارف کروایا جائے گا۔

ایپل اپنی پراڈکٹ میں استعمال کی گئی ٹیکنالوجی اور اس کے موجد کو ہمیشہ صارف سے چھپاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ریٹینا ڈسپلے کون تیار کررہا ہے اور اس میں کون سی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، یہ بات معلوم نہیں۔ تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے پیچھے مشہور کمپنی Sharpہے جو سلیکان کے بجائے  Indium gallium zinc oxide سے بنی ڈسپلے پر کام کررہی ہے۔ IGZOڈسپلے نہ صرف یہ کہ بہت روشن ہوتی ہے بلکہ کم توانائی استعمال کرتی ہے۔

اس نئے ورژن کے دو مختلف ورژن متعارف کروائے گئے ہیں جن میں فرق ہارڈڈسک، پروسیسر اور قیمت کا ہے۔ اس کی اونچائی صرف 1.8سینٹی میٹر جبکہ وزن صرف 2.02کلو گرام ہے۔ دونوں ورژنز میں اس میں 8جی بی میموری نصب ہے جسے 16 GB تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ جبکہ سالڈ اسٹیٹ ہارڈڈسک 256GBاور 512GB نصب ہے اور اسے مزید قیمت ادا کرکے 750GB تک بڑھایا جاسکتا ہے۔ پروسیسر انٹل کا Quad Core Core i7 لگایا گیا ہے جس کی رفتار 2.3 GHz اور 2.6GHzہے۔ ہارڈڈسک اور میموری کی طرح یہ بھی مزید رقم ادا کرکے اپنی منشاء کے مطابق تبدیل کراویا جاسکتا ہے۔

بہترین گرافکس کے لئے NVIDIA GeForce GT 650M  استعمال کیا گیا ہے جس کی ویڈیو میموری 1GB GDDR5 ہے۔اس میں دو USB 3.0 پورٹس، ایک HDMI پورٹ، دو ایپل تھنڈبولٹ پورٹس دی گئی ہیں لیکن سی ڈی یا ڈی وی ڈی اور نیٹ ورک موجود نہیں ہیں۔ اس کا مقصد یقینا اس کے حجم میں کمی کرنا ہے۔ ویسے بھی یو ایس بی ماس اسٹوریج ڈیوائسس کے عام ہوجانے کے بعد سی ڈی اور ڈی وی ڈی ڈرائیوز کو لیپ ٹاپس میں نصب کرنے کا رجحان بتدریج ختم ہوتا جارہا ہے تاکہ حجم، وزن اور بیٹری کا استعمال کم کیا جاسکے۔
کارکردگی کے معاملے میں بھی یہ نوٹ بک بہت اعلیٰ ہے۔ بہترین دستیاب پروسیسنگ ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے اس کے Boot ہونے کا وقت صرف 15سیکنڈ ہے۔ دیگر تمام لیپ ٹاپ یا نوٹ بک اس سے زیادہ وقت میں مکمل بوٹ ہو پاتے ہیں۔ اتنی زبردست پروسیسنگ پاور کے باوجود میک بک پرو انتہائی خاموشی سے چلنے والی مشین ہے۔ دوسرے لیپ ٹاپ جن میں طاقتور پروسیسرز نصب ہوتے ہیں،کو ٹھنڈا رکھنے لئے اتنے ہی طاقتور پنکھے لگائے جاتے ہیں جو شدید آواز پیدا کرتے ہیں۔

بیٹری کا ذکر کیا جائے تو یہ تقریباً ساڑھے پانچ گھنٹے تک مسلسل کوئی ویڈیو چلا سکتا ہے جبکہ اگر صرف معمولی نوعیت کے کام جیسے ای میل وغیرہ پڑھنا کیا جائے تو اسے آٹھ گھنٹے تک مسلسل چلایا جاسکتا ہے۔ اس طرح یہ بیٹری کی معاملے میں بھی دیگر دستیاب نوٹ بکس سے کہیں آگے ہیں۔

اتنی ساری خصوصیات کے ساتھ اس کی قیمت بھی بہت زیادہ ہے۔ اس کا کا بنیادی ورژن $2199 یعنی تقریباً دو لاکھ پاکستانی روپے میں دستیاب ہے جبکہ سب سے اعلیٰ ورژن $3749 یعنی ساڑھے تین لاکھ روپوں کا ہے۔ اتنا مہنگا ہونے کے باوجود اس کے مانگ میں کوئی کمی نہیں آئی۔ اپنے تعارف کے کچھ ہی دونوں بعد ایپل کے آن لائن اسٹور پر اس کے آرڈرز کی تکمیل کا وقت تین سے چار ہفتے بتایا جانے لگا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ پہلے سے موجود اسٹاک ختم ہوگیا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس نوٹ بک کے قیمت میں بھی کمی آئے گی لیکن اس کے باوجود یہ اکثر لوگوں کے قوت خرید سے باہر رہے گا۔

اس کے بارے میں ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ خراب ہوجانے کی صورت میں اس کو ٹھیک کرنا بھی آسان نہیں ہوگا۔ اس لئے اسے Dispossible نوٹ بک بھی کہا جارہا ہے۔

Comments are closed.