گوگل میپس سے اپنا موجودہ مقام دوستوں سے شیئر کریں

انٹرنیٹ کی دنیا کی کئی حیران کُن لیکن انتہائی مفید ایجادات گوگل کی مرہونِ منت ہیں۔ ان میں سے ایک ایجاد گوگل میپس ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں کئی نئے اور مفید فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔

گوگل میپس کی مدد سے آپ دنیا بھر کا نقشہ دیکھ سکتے ہیں۔ اس کی مدد سے آپ کسی بھی منزل پر پہنچنے کا راستہ جان سکتے ہیں، یہی نہیں گوگل میپس کا نظام آپ کی مکمل راہنمائی کرتے ہوئے آپ کا منزل پر پہنچنا یقینی بناتا ہے۔

کچھ ہی عرصہ پہلے گوگل نے یہ سہولت فراہم کی تھی کہ آپ کسی بھی مخصوص علاقے کا نقشہ آف لائن دیکھنے کے لیے ڈاؤن لوڈ کر لیں، اس طرح آپ بغیر انٹرنیٹ کے بھی اس سروس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

گوگل میپس آف لائن استعمال کرنے کے لیے ڈاؤن لوڈ کریں

فرض کریں آپ کو کہیں کھانا کھانے جانا ہے تو گوگل میپس آپ کو آپ کے پسندیدہ ہوٹلز کی فہرست مسافت کی ترتیب سے دِکھاتا ہے اور راستے کی نشاندہی کرتے ہوئے آپ کو عین ہوٹل کے دروازے پر پہنچا دیتا ہے۔

گوگل میپس لوکیشن شیئر

بہرحال اب گوگل نے جو نیا فیچر متعارف کرایا ہے وہ بھی انتہائی مفید ہے۔ گوگل میپس میں فراہم کیے گئے نئے فیچر کی بدولت اب آپ کسی دوست کو اپنے موجودہ مقام سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کے دوست یا خاندان کے افراد باآسانی آپ کا موجودہ مقام جان سکتے ہیں۔ اس نفسا نفسی کے دور میں جب ہر انسان اپنے خاندان کے افراد کے لیے پریشان ہے اور وہ چاہتا ہے کہ وہ ہر وقت اُن کی خیریت سے آگاہ رہے تو گوگل کا فیچر اُن کی زبردست مدد کر سکتا ہے۔ اس فیچر کی بدولت آپ باآسانی اپنے دوستوں اور رشتے داروں سے اپنا موجودہ مقام شیئر کر سکتے ہیں۔

یہ نیا فیچر استعمال کرنے کے لیے اپنے فون میں موجود گوگل میپس کی ایپلی کیشن کھولنے کے بعد مینو میں جھانکیں۔ آپ دیکھیں گے کہ یہاں ایک نیا فیچر "Share Location” کے نام سے موجود ہو گا۔اس کے ذریعے شیئر کی گئی لوکیشن موبائل فون، ویب یا ڈیسک ٹاپ سے بھی دیکھی جا سکے گی۔

اس طرح آپ دوستوں یا رشتے داروں کی ریئل ٹائم لوکیشن جان سکتے ہیں کہ ابھی وہ کہاں پر ہیں اور کن راستوں سے گزر رہے ہیں۔ یعنی اگر آپ نے سب کو دعوت پر بلا رکھا ہے تو آپ باآسانی جان سکیں گے کون ابھی کہاں پہنچا اور کون پہنچنے والا ہے۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی

Comments are closed.