انٹرنیٹ کے موجد سر ٹم برنرز لی نے ایلن ٹیورنگ ایوارڈ جیت لیا
کمپیوٹنگ اور ریاضی کے شعبے میں نوبل انعام نہیں دیا جاتا ہے۔ لیکن ان دونوں شعبوں کے لئے ایسے ایوارڈ موجود ہیں جنہیں نوبل انعام جیسا ہی درجہ حاصل ہے۔ A.M Turing Award کمپیوٹنگ کے شعبے میں دیا جانا والے ایسا ایوارڈ ہے جسے کمپیوٹنگ کا نوبل انعام کہا جاتا ہے۔ اس سال یہ ایوارڈ ورلڈ وائیڈ ویب کے موجد اور ایم آئی ٹی کے پروفیسر سر ٹمز برنز لی کو دیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کے ساتھ انہیں گوگل کی جانب سے 1 ملین ڈالر کا انعام بھی دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ ایسوسی ایشن فار کمپیوٹنگ مشینری (ACM) کی جانب سے دیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے اے سی ایم نے سر ٹم برنرز لی کے ورلڈ وائیڈ ویب ایجاد کرنے، پہلا براؤزر بنانے اور انٹرنیٹ کے بنیادی پروٹوکول اور الگورتھم بنانے کے حوالے سے بھی بتایا۔اے ایم ٹورنگ ایوارڈ کے اجراء کو اس سال 50 سال بھی پورے ہو گئے ہیں۔
ایم آئی ٹی کی کمپیوٹر سائنس اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیبارٹری کے پرنسپل انوسٹی گیٹر اور ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس کے لئے کام کرتے ہوئے سر ٹم برنرز لی نے 1989 ء میں یورپین آرگنائزیشن فار نیوکلیئر ریسرچ (سرن) میں انٹرنیٹ بنایا تھا۔ اس کا مقصد ساری دنیا کےسائنسدانوں کے بیچ معلومات کا تبادلہ کرنا تھا۔ سر ٹم برنرز لی نے ہی انٹرنیٹ کے ناموں کی اسکیم (یو آرآئی )، کمیونی کیشن پروٹوکول (ایچ ٹی ٹی پی) اور ایک کمپیوٹر لینگوئج(ایچ ٹی ایم ایل ) متعارف کرائی۔اُن کی کوڈنگ کے حوالے سے اوپن سورس اپروچ کے باعث انٹرنیٹ نے بہت تیزی کے ساتھ ترقی کی۔
انہوں نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ میں اِس ایوارڈ کو وصول کرتے ہوئے اعزاز محسوس کررہا ہوں جو ایک ایسے کمپیوٹنگ رہنماء کے نام پر ہے جس نے دِکھایا کہ پروگرامر کمپیوٹر سے کیا کچھ کرواسکتا ہے اس کا انحصار خود پروگرامر پر ہے۔
سر ٹم برنرز لی نے ورلڈ وائیڈ ویب کنسورشیم (ڈبلیو 3 سی) کی بنیاد رکھی۔ وہ اس کے بانی ہی نہیں بلکہ ڈائریکٹر بھی ہیں۔اس کنسورشیم نے ویب ڈویلپمنٹ کے لیے تکنیکی معیارات طے کیے۔ اس کے علاوہ ورلڈ وائیڈ ویب فاؤنڈیشن کا قیام بھی کیا جس کا مقصد آزاد ویب کو عوامی اور بنیادی حق کے طور پر مستحکم کرنا تھا۔وہ اس وقت آکسفورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر بھی ہیں۔
سر ٹم برنرز لی کو اُن کی خدمات پر بہت سے ایوارڈز سے نوازا گیا۔ انہیں ملکہ الزبتھ نے نائٹ کا خطاب دیا تو ٹائم میگزین نے بھی انہیں 20 ویں صدی کی 100 اہم ترین شخصیات میں شمار کیا۔انہیں 24 جون کو سان فرانسسکو میں ہونے والے اے سی ایم کی سالانہ تقریب میں باقاعدہ طور پر ٹیورنگ ایوارڈ ددیا جائے گا۔ماضی میں ایم آئی ٹی سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات نے یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ ان میں مائیکل اسٹون بریکر(2014)، شفیع گولڈ ویسر اور سلویو میکالی (2013)، باربرا لسکو (2008)، رونالڈ ریسویسٹ (2002)، بٹلر لیمپسن (1992)، فرنانڈو کورباٹو(1990)، جان میکارتھی (1971) اور ماروین منسکی (1969) شامل ہیں۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی
اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔
Comments are closed.