وٹس ایپ بی ٹا ورژن میں اَن سینڈ فیچر کی جانچ کر رہا ہے
وٹس ایپ کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ دو اہم فیچرز (سہولیات) کی جانچ کررہا ہے اور پسندیدگی کی صورت میں بہت جلد یہ فیچرز تمام صارفین کے لئے دستیاب ہوں گے۔ وٹس ایپ کے بارے میں گزشتہ کئی ماہ سے یہ افواہیں چل رہی ہیں کہ وہ پیغامات کو Unsend کرنے کا آپشن شامل کرسکتی ہے۔ اس آپشن کے ذریعے صارفین ایسے پیغامات بھی ڈیلیٹ کرسکیں گے جو انہوں نے چند منٹ قبل بھیج دیے ہیں۔ اس حوالے سے خبریں ماہنامہ کمپیوٹنگ میں شائع ہوتی رہی ہیں۔
@WABetaInfo جو بی ٹا ایپلی کیشنز کے بارے میں اکثر خبریں افشاء کرتے رہتے ہیں ، کے مطابق وٹس ایپ اپنے بی ٹا ورژن میں ایک ایسے فیچر کی جانچ کررہی ہے جس کی مدد سے صارفین 5 منٹ کے دوران اپنے بھیجے گئے پیغامات کو Unsend یا ڈیلیٹ کرسکیں گے۔ پانچ منٹ کا وقت گزر جانے کے بعد پیغام ڈیلیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔
WhatsApp for iOS 2.17.21: the "unsend" feature! (DISABLED BY DEFAULT) pic.twitter.com/waFdpz4YKc
— WABetaInfo (@WABetaInfo) May 1, 2017
اینڈروئیڈ پلیٹ فارم کے لئے وٹس ایپ کے تازہ ترین بی ٹا ورژن میں متن کو جاذب نظر بنانے کے لئے کچھ شارٹ کٹس شامل کئے گئے ہیں۔ ابھی صارفین کو متن کو موٹا،ٹیڑھا یا کاٹنے کے لئے کئی کمانڈز یاد رکھنی پڑتی ہیں۔ مثلاً متن کو موٹا یا boldکرنے کے لئے جملے یا لفظ کو دو ایسٹے رِسک (*)کے درمیان لکھنا ہوتا ہے۔ جیسے *computing*۔بی ٹا ورژن میں اس مقصد کے لئے فارمیٹنگ ٹولز فراہم کئے گئے ہیں جو اس وقت ظاہر ہوتے ہیں جب آپ متن کو منتخب کرکے کچھ دیر کے لئے Tap کئے رکھتے ہیں۔ بی ٹا ٹیسٹنگ کے دوران اگر صارفین کی رائے مثبت رہی تو یہ دونوں فیچرز بہت جلد وٹس ایپ میں باقاعدہ طور پر شامل کردیئے جائیں گے۔
نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 127 میں شائع ہوئی
اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔
Comments are closed.