ونڈوز کو اپنے چہرے یا فنگر پرنٹس سے لاگ اِن کریں

ونڈوزکو پاس ورڈ کے ذریعے لاگ اِن کرنا ایک عام سی بات ہے۔ ونڈوز10 میں مائیکروسافٹ نے اس طریقے کو جدید بناتے ہوئے لاگ اِن ہونے کے کئی طریقے فراہم کیے ہیں۔ مثلاً پِن، فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت سے۔ اگر آپ کے سسٹم میں فنگر پرنٹ ریڈر موجود ہے تو ونڈوز10 میں اسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ونڈوز10 کا نیا اور بہترین فیچر ’’ونڈوز ہیلو‘‘ (Windows 10 Hello) ہے جس کی مدد سے چہرے کی شناخت کرانے کے بعد ونڈوز کو خودکار طریقے سے لاگ اِن کیا جا سکتا ہے۔ پاس ورڈ کو بھولنا ایک عام سی بات ہے لیکن چہرے کو یاد رکھنا جب کمپیوٹر کی ذمے داری ہو تو صارف بے فکر ہو جاتا ہے۔

 

یہ اُس صورت میں بھی بہترین ہے جب ایک ہی کمپیوٹر کو کئی لوگ استعمال کرتے ہوں اور سب بار بار شکایت کریں کہ وہ پاس ورڈ بھول چکے ہیں، چہرے کی شناخت سے سب باآسانی اپنے اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ کئی لوگوں کے کمپیوٹرز کا نظام سنبھالتے ہیں اُس صورت میں اس آپشن کو استعمال کریں تو سب آپ کو پاس ورڈ ری سیٹ کرنے کے لیے تنگ نہیں کریں گے۔ یہ فیچر انتہائی برق رفتاری سے کام کرتا ہے اور جب لاگ اِن اسکرین کے سامنے اس کے پاس محفوظ شدہ چہرہ موجود ہو تو یہ اُسے پہچانتے ہی فوراً کمپیوٹر لاگ اِن کر سکتا ہے۔

آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ کس طرح ونڈوز10 میں ’’ونڈوزہیلو‘‘ کو فعال کرنا بہت ہی آسان ہے بس آپ کے کمپیوٹر میں اس کی سپورٹ موجود ہونی چاہیے، اگر آپ کا کمپیوٹر اس خاصیت کا حامل نہیں تو یہ فیچر آپ استعمال نہیں کر سکیں گے۔ سب سے پہلے ونڈوز اسٹارٹ مینو پر کلک کرتے ہوئے ’’سیٹنگز‘‘ کھول لیں۔

سیٹنگز کھل جائیں تو یہاں موجود ’’اکاؤنٹس‘‘ کے حصے میں آجائیں۔

اب اگلی اسکرین پر سے آپ کو ’’سائن اِن آپشنز‘‘ کو منتخب کرنا ہے۔ اسی حصے میں آپ ونڈوز ہیلو کو سیٹ اپ کر سکتے ہیں اور یہ بھی جان سکتے ہیں کہ آپ کی ڈیوائس میں اس کی اہلیت موجود ہے یا نہیں۔ اور وہ کون کون سی ڈیوائسز ہیں جن میں اس فیچر کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔

زیادہ تر یہ فیچر آپ اچھی ڈیوائسز میں استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ اسے استعمال کرنے کے لیے ویب کیم کا ہونا بہت ضروری ہے۔ ویب کیم کو استعمال ہوئے ہی ونڈوز صارف کو پہچانتی ہے، تاہم صرف ویب کیم کی موجودگی ہی کافی نہیں، جیسے کہ ہم نے پہلے بھی ذکر کیا ہے کہ یہ فیچر صرف اچھے اور بہترین لیپ ٹاپس، اسمارٹ فون اور ونڈوز سرفیس ٹیبلٹس میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کو یہاں یہ لکھا نظر آئے کہ :
Windows Hello isn’t available on this device.

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی ڈیوائس میں اس فیچر کو استعمال کرنے کی اہلیت موجود نہیں وگرنہ یہاں آپ کو ’’سیٹ اپ‘‘ کا بٹن ملے گا جسے استعمال کرتے ہوئے اس فیچر کو فعال کیا جا سکتا ہے۔

سیٹ اپ پر کلک کرنے سے آپ کو ’’ونڈوز ہیلو‘‘ میں خوش آمدید کہا جائے گا، جبکہ اگلے مرحلے پر ویب کیم آپ کے چہرے کو محفوظ کرنے کا کام شروع کر دے گا۔ اس کے لیے آپ کو چند سیکنڈز تک ویم کیم کی جانب دیکھتے رہنا ہو گا۔ یہ کام مکمل ہوتے ہی آپ کو آگاہ کر دیا جائے گا کہ اب آپ اس آپشن کو استعمال کر سکتے ہیں۔

اب آپ یہاں سے یہ آپشن بھی فعال کر سکتے ہیں کہ اگر یہ چہرہ ڈیوائس کے سامنے موجود ہو تو ونڈوز اسے پہچانتے ہوئے فوراً لاگ اِن کر دے۔

اسی طرح آپ فنگر پرنٹس کے ذریعے لاگ اِن ہونے کی سیٹنگز بھی انجام دے سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔

Comments are closed.