ونڈوز10 پر ایپلی کیشنز کا نہ کھلنا باآسانی ٹھیک کریں

ونڈوز10 پر آج کل ایک مسئلہ بہت ہی عام ہے جس کی وجہ سے ایپ اسٹور سمیت کئی ایپلی کیشنز کام کرنا بند کر دیتی ہیں۔ جب انھیں کھولنے کی کوشش کی جائے تو درج ذیل ایرر نمودار ہوتا ہے: “This app can’t open” یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ ونڈوز10 میں اسمارٹ فون کی طرح ایک ایپ اسٹور موجود ہے جہاں سے آپ کئی ایپلی کیشنز انسٹال کر سکتے ہیں جیسے کہ فیس بک و دیگر سوشل میڈیا ایپلی کیشنز وغیرہ۔

مائیکروسافٹ کمپنی لگ بھگ پچھلی دو دہائیوں سے اپنے سب سے بڑے اور شاید دنیا کے بھی سب سے بڑے پروگرام ’’ونڈوز‘‘ پر کام کر رہی ہے۔ ونڈوز پر کام کرنے والے پروگرامرز و انجینئرز اور ونڈوز کے لیے ایپلی کیشن و سافٹ ویئر تیار کرنے والے افراد دنیا بھر میں اور اَن گنت تعداد میں موجود ہیں۔ یعنی ونڈوز پر اس قدر تیزی سے اور اس قدر زیادہ افراد کام کر رہے ہیں کہ اسے نقائص سے پاک رکھنا کسی کے ممکن نہیں۔ لیکن اس آپریٹنگ سسٹم کی افادیت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا، یہی وجہ ہے کہ ونڈوز صارفین اب کسی قسم کے ایرر سے گھبراتے نہیں بلکہ اس کا حل تلاش کر کے اسے ٹھیک کر ہی لیتے ہیں۔

یہ تازہ ترین ایرر صرف ایپلی کیشنز تک محدود نہیں بلکہ ونڈوز10 کے کئی پروگرامز اس مسئلے کی وجہ سے چل نہیں پاتے۔ اگر آپ کے پاس بھی ایسا کوئی ایرر ظاہر ہوتا ہے تو اسے باآسانی درست کیا جا سکتا ہے۔اس مسئلے کو ٹھیک کرنے کے لیے سب سے ونڈوز اسٹارٹ بٹن پر کلک کرتے ہوئے Change User Account ٹائپ کر دیں۔ ونڈوز فوراً ’’چینج یوزر اکاؤنٹ کنٹرول سیٹنگز‘‘ کا آپشن تلاش کر کے آپ کے سامنے پیش کر دے گی۔

سب سے پہلے ہمیں ہر ایپلی کیشن کی وجہ سے ونڈوز میں ہونے والی تبدیلیوں کو عارضی طور پر بند کرنا ہے اس لیے جب یہ سیٹنگز کھل جائیں تو نوٹی فکیشن ظاہر کرنے والے سلائیڈر کو ڈریگ کرتے ہوئے سب سے نیچے پہنچا دیں۔ یعنی ہم چاہتے ہیں کہ ونڈوز اس حوالے سے کوئی نوٹی فکیشن نہ دکھائے۔ تاہم یاد رہے کہ نوٹی فکیشنز کا بحال رکھنا ایک اچھا فیچر ہے اس لیے ایپلی کیشنز کے نہ چلنے کے مسئلے کو ٹھیک کرنے کے بعد اسے آپ چاہیں تو دوبارہ فعال کر سکتے ہیں۔

اس کے بعد ہمیں ’’لوکل سکیوریٹی پالیسی‘‘ میں بھی کچھ تبدیلی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کی سیٹنگز تک پہنچنے کے لیے بھی آپ اسٹارٹ بٹن پر کلک کرنے کے بعد Local Security Policy ٹائپ کر کے اس تک پہنچ سکتے ہیں اور چاہیں تو آسانی کی خاطر رن (Run) میں اس کی مختصر کمانڈ یعنی secpol.msc لکھ کر انٹر پریس کر دیں۔

اس کے نتیجے میں لوکل سکیوریٹی پالیسی کی ونڈو آپ کے سامنے موجود ہو گی۔ یہاں ہمیں دو غیر فعال سیٹنگز کو فعال کرنا ہے۔

ان سیٹنگز تک پہنچنے کے لیے سب سے پہلے Local Policies کے ذیل میں موجود آپشنز دیکھنے کے لیے اس کے ساتھ موجود چھوٹے سے تیر نما آئی کن پر کلک کریں۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

جب اس کے نیچے ایک فہرست کھل جائے تو اس میں سے Security Options کو منتخب کر لیں۔

یہاں ہمیں درج ذیل آپشن کو فعال کرنے کی ضرورت ہے:
User Account Control: Admin Approval Mode for the Built-in Administrator account

اسے فعال کرنے کے لیے اس پر ڈبل کلک کریں اور اگلی کھلنے والی ونڈو میں Enabled کو منتخب کرنے کے بعد OK کے بٹن پر کلک کر دیں۔

اگر اس آپشن کو فعال کرنے کے بعد بھی مسئلہ حل نہ ہو تو اس کے بالکل نیچے موجود آپشن کو بھی فعال کرنے کی ضرورت ہو گی جو کہ آپ تصویر میں بھی نشان زدہ حصے میں دیکھ سکتے ہیں۔

یہ تبدیلیاں کرنے کے بعد اب ونڈوز کو ایک دفعہ ری اسٹارٹ کرنے کی ضرورت ہو گی۔

ری اسٹارٹ ہونے کے بعد اب آپ دیکھیں گے یہ ایرر بالکل غائب ہو چکا ہو گا۔ اب آپ وہ تمام پروگرامز یا ایپلی کیشنز جو پہلے کھل نہیں پا رہی تھیں ان کو باآسانی استعمال کر سکتے ہیں۔

خاص طور پر ونڈوز ایپ اسٹور جو کہ بہت ہی کارآمد اور ونڈوز10 کا خاص فیچر ہے کو استعمال کرتے ہوئے اپنی من پسند ایپلی کیشنز و گیمز انسٹال کر سکتے ہیں۔ اگر آپ تلاش کریں تو اپنے اسمارٹ فون کے پسندیدہ گیمز بھی آپ کو یہاں سے مل جائیں گے۔

یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی

Comments are closed.