آئی فون میں کسی بھی فارمیٹ کا ڈیٹا منتقل کرنا آسان بنائیں
آئی فون بلاشبہ دنیا کا سب سے مقبول اسمارٹ فون ہے لیکن اس کے صارفین ہمیشہ اس میں ڈیٹا منتقل کرتے وقت پریشان ہو جاتے ہیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آپ کوئی فلم آئی فون میں کاپی کر کے بڑے مزے کے ساتھ اسے دیکھنے کا پروگرام بناتے ہیں لیکن اس وقت انتہائی کوفت ہوتی ہے جب وہ فائل چلنے سے ہی انکار کر دیتی ہے۔ تب یہ پتا چلتا ہے کہ دراصل آپ نے جس فارمیٹ کی فائل کو آئی فون میں منتقل کیا ہے دراصل آئی فون اس کو سپورٹ ہی نہیں کرتا۔
ہمارے ہاں اکثر لوگوں کو تو یہ بھی سمجھ ہی نہیں آتا کہ آئی فون میں تصاویر، گانے اور وڈیوز وغیرہ کیسے منتقل کی جاتی ہیں کیونکہ اس کے لیے آئی ٹیونز کا ہونا ضروری ہے اور آئی ٹیونز کا استعمال بذاتِ خود کافی پیچیدہ ہے جسے عام صارفین سمجھ نہیں پاتے۔
لیکن اگر آپ کے پاس ’’والٹر‘‘ (WALTR) پروگرام موجود ہو تو یہ کام انتہائی آسان ہو جاتا ہے۔ والٹر کو آپ آئی فون میں ڈیٹا منتقل کرنے کے لیے اپنا معاون سمجھ سکتے ہیں کیونکہ اس کے ہوتے ہوئے آپ کو نہ تو ڈیٹا کو اس کے مخصوص فولڈر میں ڈالنے کی ضرورت ہوتی ہے اور نہ ہی فارمیٹ کے حوالے سے پریشان ہونے کی فکر ہوتی ہے کہ وہ فون میں چلے گا بھی کہ نہیں۔دراصل والٹر نہ صرف ڈیٹا کو فون کے اندر درست جگہ پر منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اسے فون کے حساب سے کنورٹ بھی کر سکتا ہے۔
یہ پروگرام انسٹال ہونے کے بعد خود بخود آپ کے کمپیوٹر سے منسلک آئی فون کو پہچان لیتا ہے چاہے وہ یو ایس بی کیبل سے جڑا ہویا وائی فائی کے ذریعے۔ یہ پروگرام فون کو پہچاننے کے بعد اس میں ڈیٹا منتقل کرنے کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہے۔ جیسے ہی آپ فون کو منتخب کر کے فائل اس پروگرام کے اوپر پھینکیں گے وہ فوراًنہ صرف آئی فون میں منتقل کر دی جائے گی بلکہ اگر اس کا فارمیٹ آئی فون سے مطابقت نہ رکھتا ہو تو اسے درست فارمیٹ میں کنورٹ بھی کر دیا جائے گا۔
یہ زبردست پروگرام آپ درج ذیل ربط سے ونڈوز اور میک سسٹم کے لیے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:
softorino.com
یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نمبر 124 میں شائع ہوئی
Comments are closed.