مفت ایف ٹی پی کلائنٹس

FTPیا فائل ٹرانسفر پروٹوکول کے ذریعے کمپیوٹر میں موجود فائلز سرور تک اور سرور سے فائلز کمپیوٹر پرمنتقل کی جاتی ہیں۔ ایف ٹی پی کی تاریخ بھی اتنی ہی پرانی ہے جتنی کہ HTTPکی۔ ویب سائٹ مالکان جانتے ہیں کہ ایف ٹی پی ہی وہ آسان طریقہ ہے جس کے ذریعے وہ اپنی ویب سائٹس سرور پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔ یوں تو ویب ہوسٹنگ فراہم کرنے والے ویب سائٹ کے کنٹرول پینل سے بھی فائلز اپ لوڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں، لیکن سینکڑوں فائلز سرور پرمنتقل کرنا ان کنٹرول پینلز کے ذریعے ممکن نہیں۔ ایسے میں ہمیں کسی ایف ٹی پی کلائنٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔

ویسے تو بہت سے ایف ٹی پی کلائنٹس انٹرنیٹ سے مفت ڈائون لوڈ کئے جاسکتے ہیں، کچھ تو ہوسٹنگ فراہم کرنے والی کمپنی خود اپنے صارفین کو مہیا کرتی ہے۔ لیکن ان مفت ایف ٹی پی کلائنٹس میں کچھ ایسے ہیں جو اپنے خوبیاں کے باعث بے حد مقبول ہیں۔ ہم یہاں تین اہم اور مقبول ایف ٹی پی کلائنٹس کا ذکر کررہے ہیں جو کہ مفت دستیاب ہیں۔

٭… FREE FTP

کافی کپ (CoffeeCup) نامی کمپنی کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ یہ کمپنی ایک عرصے سے ویب ڈیزائنگ اور ڈیویلپمنٹ کے ٹولز بنا رہی ہے۔ Free FTPان کی جانب سے پیش کیا گیا مفت ایف ٹی پی کلائنٹ ہے۔ اس کا انٹر فیس انتہائی جاذب نظر ہے اور استعمال میں بے حد سہل۔ دیگر ایف ٹی پی کلائنٹس کے مقابلے میں اس کے انٹرفیس پر بہت توجہ دی گئی ہے۔ کافی کپ کے تمام ہی سافٹ ویئر انٹرفیس کے معاملے میں دوسروں سے بہت مختلف نظر آتے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ ڈیویلپمنٹ کے سینکڑوں مفت سافٹ ویئر دستیاب ہونے کے باوجود لوگ ان کے سافٹ ویئر خرید کر استعمال کرتے ہیں۔

نیا کنکشن بنانا بھی آسان ہے۔ ٹول بار Serversکے بٹن پر کلک کرکے تفصیلات فراہم کیجئے اور کنکٹ ہوجائیے۔آپ ایک سے زیادہ سرورز کی تفصیلات محفوظ کرکے ان کی پروفائلز بنا سکتے ہیں تاکہ اگلی بار کنکشن بنانے کے لئے صرف ایک کلک درکار ہو۔

سادگی اس سافٹ ویئر کی خوبی تو ہے لیکن وہ صارفین جو تکنیکی تفصیلات سے واقف بھی رہنا چاہتے ہیں، یہ سافٹ ویئر شاید پسند نہ آئے۔ سرور سے کمپیوٹر اور کمپیوٹر سے سرور تک فائل کی منتقلی صرف ایک پروگریس بار کے ذریعے ظاہر کی جاتی ہے اور اس کی کوئی تفصیل نہیں بتائی جاتی۔ اِسے بناتے ہوئے ایسے صارفین کو مد نظر رکھا گیا جنہیں تکنیکی معاملات سے واقفیت نہیں ہوتی۔ لہٰذا ایسے صارفین جو ویب ڈیویلپمنٹ سیکھ رہے ہوں، یہ سافٹ ویئر بہترین ہے۔ اس سافٹ ویئر کو درج ذیل لنک سے ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

http://www.coffeecup.com/free-ftp/

٭…GoFTP

GoFTPگو ایف ٹی پی ایک تیز رفتار ایف ٹی پی کلائنٹ ہے۔ اس کے بنانے والے ڈیویلپر کہتے ہیں کہ یہ دوسرے ایف ٹی پی کلائنٹس جو رفتار بڑھانے کے لئے تھریڈنگ (Threading) کو استعمال کرتے ہوئے کام کرتے ہیں، کے مقابلے میں 314فی صد تیز ہے۔ اس کا انٹرفیس پرانا اور جاذب نظر نہیں ہے۔ لیکن رفتار کے آگے یہ چیز بے معنی لگتی ہے ۔ خاص طور پر جب آپ ایک ایسی ویب سائٹ اپ لوڈ یا ڈائون لوڈ رہے ہوں جس کی فائلوں کی تعداد ہزاروں یا لاکھوں میں ہو۔ ہمارے اپنے تجربے کے مطابق ہم نے اسے Filezillaنامی مشہور و معروف ایف ٹی پی کلائنٹ سے زیادہ تیز رفتار پایا ہے۔ گو ایف ٹی پی میں ڈائون لوڈنگ اور اپ لوڈنگ کو روکنے اور پھر شروع کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ نیز یہ SFTPیعنی Secure FTPکی سپورٹ بھی رکھتا ہے ۔

رفتار کے علاوہ اس سافٹ ویئر میں کوئی خاص بات نہیں ہے۔ کئی آپشن جو فری ایف ٹی پی اور فائل زیلا میں موجود ہیں، اس میں دستیاب نہیں۔ اس لئے ہم کہہ سکتے ہیں کہ گو ایف ٹی پی اس موقع پر استعمال کرنا زیادہ مناسب ہے جب آپ فائلز اور فولڈرز کی ایک بڑی تعداد اپ لوڈ یا ڈائون لوڈ کررہے ہوں۔ آپ گو ایف ٹی پی کو درج ذیل لنک سے ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں۔

http://www.goftp.com/download.php

٭… فائل زیلا

filezillaفائل زیلا بلا شبہ سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا ایف ٹی پی کلائنٹ ہے۔ مفت ہونے کے ساتھ ساتھ یہ اوپن سورس بھی ہے۔ نام سے بظاہر یہ موزیلا کی کوئی پروڈاکٹ لگتا ہے لیکن اس کا موزیلا سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس کی مقبولیت کی اہم وجہ اس میں دستیاب سہولیات ہیں جن کا دوسرے ایف ٹی پی کلائنٹس اور حاصل طور پر وہ جو کہ مفت ہیں، فقدان ہے۔ فائل زیلا مفت ہونے کے باوجود بالکل ایک کمرشل سافٹ ویئر کی طرح بنایا گیا ہے۔ مثال کے طور پر آپ اپنے ڈیسک ٹاپ یا کسی دوسرے فولڈر سے فائلز یا فولڈرز کو ڈریگ کرکے فائل زیلا میں ڈراپ کرسکتے ہیں۔ ڈریگ اینڈ ڈراپ کی گئی تمام فائلز اور فولڈرز سرور پر اپ لوڈ ہونا شروع ہوجائیں گی۔ اسی طرح آپ سرور سے فائلز کو ڈریگ کر کے اپنے پسندیدہ فولڈر میں ڈراپ بھی کرسکتے ہیں۔ دوسرے مفت ایف ٹی پی کلائنٹس میں یہ سہولت میسر نہیں۔

فائل زیلا کی ایک خوبی جو ہمیں سب سے زیادہ پسند آئی ہے وہ فلٹرز ہیں۔ آپ فلٹرز کی مدد سے سرور یا کمپیوٹر پر موجود مخصوص فائلز یا فولڈرز کو پوشیدہ کرسکتے ہیں۔ فرض کریں کہ آپ نے ایک ویب سائٹ سے صرف پی ایچ پی کی فائلز ڈائون لوڈ کرنی ہے لیکن اس ویب سائٹ پر تصاویر اور ویڈیوز جیسی بھاری بھرکم فائلز بھی جا بجا موجود ہیں۔ ایسے میں اگر آپ پوری ویب سائٹ کو ڈائون لوڈنگ پر لگا دیں گے تو یقینا اس میں وقت کے ساتھ ساتھ بینڈ وڈتھ کا بھی ضیاع ہوگا۔ لیکن آپ فائل زیلا میں موجود فلٹرز کی مدد سے صرف پی ایچ پی کی فائلز بہ آسانی ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں۔ آپ اپنی مرضی کے مطابق جتنے چاہیں فلٹرز بنا سکتے ہیں اور انہیں سرور یا کمپیوٹر دونوں پر Applyکرسکتے ہیں۔
فائل زیلا میں Tabs کی سہولت بھی موجود ہے جس کی مدد سے آپ ایک سے زیادہ سرورز سے بیک وقت کنکٹ ہوسکتے ہیں اور ان پر الگ الگ کام بھی کرسکتے ہیں۔ اس کا انٹرفیس سادہ ہے اور سرور پروفائلز بنانے کی سہولت بھی اس میں موجود ہیں۔ جبکہ SSHکی سہولت کی وجہ سے آپ یونکس خاندان کے سرورز پر زیادہ بہتر طریقے سے کام کرسکتے ہیں۔اس کے پورٹ ایبل ورژن بھی انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں جنھیں انسٹالیشن کئے بغیر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فائل زیلا کو ڈائون لوڈ کرنے کے لئے یہ لنک ملاحظہ کیجئے۔

http://filezilla-project.org/download.php/

٭… WinSCP

WinSCP-5.0.7ون ایس سی پی یا ونڈوز سکیور کاپی بنیادی طور پر PuTTYکے گرافیکل متبادل کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے۔ سی نیٹ اسے دوسرا سب سے مقبول ایف ٹی پی کلائنٹ بتاتی ہے۔ یہ ایک ایف ٹی پی کلائنٹ ہونے کے ساتھ ساتھ SFTPاور SCPکی سہولت بھی رکھتا ہے۔ ڈریگ اینڈ ڈراپ کی سہولت جو فائل زیلا میں موجود ہے، اس میں بھی دستیاب ہے۔ یہ سافٹ ویئر اس وقت بے حد کارآمد ثابت ہوتا ہے جب آپ کو یونکس خاندان کے کسی آپریٹنگ سسٹم پر SFTPیا SSHکی مدد سے کنکٹ ہونا ہوتا ہے۔

WinSCPکے ذریعے آپ براہ راست کسی فائل پر ڈبل کلک کرکے اسے سرور پر ہی مدون (Edit) کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت فائل زیلا میں موجود نہیں البتہ فری ایف ٹی پی کے فل ورژن ( جو کہ مفت نہیں ہے) میں یہ فیچر موجود ہے۔

اس میں سرور کو ونڈوز ایکسپلورر جیسے انٹرفیس میں دیکھنا بھی ممکن ہے۔ اس طرح وہ لوگ جنھیں ایف ٹی پی کلائنٹس کی انٹرفیس پیچیدہ محسوس ہوتے ہیں، WinSCPکی مدد سے ونڈوز میں کام کرنا جیسا ہی محسوس کرسکتے ہیں۔ اس سافٹ ویئر کا بھی پورٹ ایبل ورژن دستیاب ہے۔ اس سافٹ ویئر کا انسٹالیشن یا پورٹ ایبل ورژن مندرجہ ذیل لنک سے ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔جبکہ سورس کوڈ بھی اسی لنک پر دستیاب ہے۔

http://winscp.net/eng/download.php

Comments are closed.