بغیر کسی سافٹ ویئر کے اسمارٹ فون میں وڈیوز ڈاؤن لوڈ کریں

ہم نے کئی بار کمپیوٹنگ کے ان صفحات پر انٹرنیٹ سے ویڈیو ڈاؤن لوڈنگ کے متعلق مضامین شائع کئے ہیں۔ پی سی ڈاکٹر ہو یا کمپیوٹنگ ٹپس، انٹرنیٹ سے ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنے کی تقریباً ہر ترکیب اور جگاڑ ہم بتا چکے ہیں ۔ اس کے پیچھے ایک بڑی وجہ ہے۔ انٹرنیٹ سے ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنا ہمارا قومی مسئلہ ہے۔

کمپیوٹر پر کچھ اور کرنا آتا ہو یا نہ آتا ہو، اگر ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنا نہیں آتا تو ایسا لگتا ہے جیسے کچھ سیکھا ہی نہیں۔ ہمیں موصول ہونے والے بیشتر سوالات دو نوعیت کے ہوتے ہیں۔ اول آئی ڈی ایم کیسے حاصل کریں اور دوسرا ویڈیو کیسے ڈاؤن لوڈ کریں۔ آئی ڈی ایم کی فرمائش بھی اسی لئے کی جاتی ہے کہ اس کے ذریعے ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنا آسان ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بغیر کسی سافٹ ویئر کے فیس بک وڈیوز ڈاؤن لوڈ کریں

بہرحال، ایک بار پھر اسمارٹ فونز پر ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنے کی نئی ترکیب پیش خدمت ہے۔ یوٹیوب، فیس بک یا ڈیلی موشن سے ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنا قانونی ہے یا نہیں، یہ الگ بحث ہے۔ نیز، ایپلی کیشن اسٹور مثلاً گوگل ایپ اسٹور پر ایسی ایپلی کیشنز کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے جو ویڈیو ڈاؤن لوڈ کرنے میں استعمال کی جاتی ہیں۔ اینڈروئیڈ کے لئے معروف ایپلی کیشن ٹیوب میٹ (Tubemate) آپ کو گوگل پلے اسٹور پر نہیں ملے گی۔

مائیکروسافٹ ونڈوز فون اور ایپل آئی فون کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے اور اس کام کے لئے استعمال ہونے والی ایپلی کیشنز کو تھرڈ پارٹی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈکرنا پڑتا ہے۔ یہ ایک خطرناک کام ہے اور ہم ایپلی کیشن اسٹور کے علاوہ کہیں سے بھی کوئی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرکے نصب کرنے کا مشورہ نہیں دیں گے۔

یہی دیکھ لیں کہ ٹیوب میٹ کی درجنوں جعلی ایپلی کیشنز مختلف ویب سائٹس پر دستیاب ہیں۔ ان میں سے اصل کون سی ہے اور کون سی ایپلی کیشن آپ کا ڈیٹا چرانے کے لئے ہے، یہ بتانا بہت مشکل ہے۔

اس لئے ہم جو ترکیب بتانے جارہے ہیں، اس میں آ پ کو کسی تھرڈ پارٹی ایپلی کیشن کی ضرورت نہیں اور آپ اسے کسی بھی اینڈروئیڈ فون، مائیکروسافٹ ونڈوز فون، بلیک بیری یا ایپل آئی فون/آئی پیڈ پر آزما سکتے ہیں۔

اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ آپ کے اسمارٹ فون میں پہلے سے یوٹیوب ایپلی کیشن نصب ہوگی۔ اگر نہیں ہے تو آپ اپنے اسمارٹ فون کے متعلقہ ایپلی کیشن اسٹور سے اسے مفت ڈاؤن لوڈ کرکے نصب کرسکتے ہیں۔

یوٹیوب کی ایپلی کیشن کھولیں اور وہ ویڈیو چلائیں جسے آپ ڈاؤن لوڈ کرنا چاہتے ہیں۔

download-video-tip01

اب اگلا کام آپ نے یہ کرنا ہے کہ Share کابٹن ڈھونڈیں۔ اس کے لئے آپ ویڈیو پر Tapکریں یعنی انگلی سے ویڈیو کو چھوئیں۔ شیئر کا آئی کن/بٹن ظاہر ہوجائے گا۔ یہ آئی کن عموماً shareicon01 یا پھر youtube-share-icon جیسا نظر آرہا ہوتا ہے۔

اس آئی کن پر کلک کرتے ہی فیس بک، ٹوئٹر وغیرہ کے آئی کن ظاہر ہوجائیں گے کہ ان میں سے کس پر شیئر کرنا ہے۔ ساتھ ہی ایک چھوٹا سا لنک Copy Link کا بھی ہوگا۔ آپ اس لنک پر کلک کریں۔ اس طرح ویڈیو کا لنک کلپ بورڈ پر کاپی ہوجائے گا۔

download-video-tip02

اسمارٹ فون میں اپنا پسندیدہ ویب براؤزر کھولیں۔ ضروری نہیں کہ آپ گوگل کروم یا فائر فوکس ہی استعمال کریں، جو براؤزر اینڈروئیڈ میں پہلے سے نصب ہوتا ہے، وہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ براؤزر کی ایڈریس بار میں یہ یو آر ایل لکھیں:
en.savefrom.net

download-video-tip03

جو ویب سائٹ کھلے گی، اس میں آپ کو کاپی کئے ہوا لنک پیسٹ کریں۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ ویب سائٹ پر نظر آنے والی ٹیکسٹ فیلڈ پر انگلی سے کچھ دیر کے لئے چھوئیں۔ ایک مینو ظاہر ہوگا، آپ اس میں سے پیسٹ منتخب کریں۔ پیسٹ کرنے کے بعد ٹیکسٹ باکس کے سامنے موجود > کے بٹن پر کلک کریں۔

اگلے مرحلے میں ویب سائٹ آپ سے پوچھے گی کہ کس ریزولوشن پر اس ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہے۔ اگر ویڈیو ہائی ریزولوشن پر اپ لوڈ نہیں کی گئی تھی تو آپ کو انتخاب کے لئے ریزولوشن کی فہرست بھی نہیں دکھائی جاتی۔ یہ صرف اُن ویڈیوز کی صورت میں نظر آتی ہیں جنہیں ایچ ڈی کوالٹی میں اپ لوڈ کیا گیا ہو۔

download-video-tip04

آپ ریزولوشن کا انتخاب کریں اور Downloadکے بٹن پر کلک کردیں۔ لیجئے، اگلے ہی لمحے ویڈیو آپ کے اسمارٹ فون میں ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہوجائے گے اور وہ بھی بغیر کسی اضافی سافٹ ویئر کو نصب کئے۔

download-video-tip05
اگر آپ اس ویب سائٹ یعنی savefrom.net کو اپنے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر سے ملاحظہ کررہے ہوں تو آپ اس کے ذریعے فیس بک، ڈیلی موشن، ساؤنڈ کلاؤڈ سمیت درجنوں دوسری ویب سائٹس سے ہر قسم کی ویڈیوز باآسانی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔فیس بک کی اسمارٹ فون میں استعمال کی جانے والی ایپلی کیشن میں بھی کاپی لنک کا آپشن موجود ہے۔ لیکن یہ آپشن ویڈیو کے بجائے اسٹوری کا لنک کاپی کرتا ہے اور بدقسمتی سے savefrom یا دوسری ویب سائٹس اسٹوری کے بجائے برائے راست ویڈیو کا ربط مانگتی ہیں۔ البتہ اگر آپ اسمارٹ فون میں فیس بک ایپلی کیشن کے بجائے براؤزر میں فیس بک استعمال کرتے ہوئے ویڈیو کا ربط کاپی کرکے savefrom.net میں پیسٹ کرکے اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ جولائی 2016 میں شائع ہوئی)

اگر آپ کو طریقہ سمجھنے میں مزید مدد درکار ہو تو یہ وڈیو ملاحظہ کریں:

2 تبصرے
  1. Zahid Manzoor says

    Phlay se pata hai

  2. BOZDAR Mustafa says

    Great method………………..The problem is solved…….Thanks and grateful.

Comments are closed.