کیا آپ کو نیند میں بولنے کی بیماری ہے؟ حقیقت جانیے اپنے فون سے

اکثر لوگوں کو نیند میں بولنے کی عادت یا بیماری ہوتی ہے۔ لیکن چونکہ اس وقت انسان گہری نیند میں ہوتا ہے اس لیے اسے اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا اور جب کوئی دوسرا اُسے بتائے کہ بھئی آپ تو نیند میں بولتے ہیں تو بہت حیرت ہوتی ہے۔ اب اس بات کی تصدیق تو تبھی ہو سکتی ہے جب کوئی اس کی ریکارڈنگ کر لے۔ اس مسئلے کو خود ہی حل کرنے کے لیے ’’سلیپ ٹالک ریکارڈر‘‘ (Sleep Talk Recorder) ایپلی کیشن کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس ایپلی کیشن کو خاص طور پر اس کام کے لیے بنایا گیا ہے کہ جب آپ سو رہے ہوں تو یہ ہر قسم کی آوازوں کو ریکارڈ کرتی رہے۔ چونکہ ہر کسی کا فون ان کے سرہانے ہی رکھا ہوتا ہے تو یہ ایپلی کیشن یہ کام باآسانی اور خاموشی سے کرتی رہتی ہے۔ یہ ایپلی کیشن فون کے مائیکروفون کو استعمال کرتے ہوئے تیز سے تیز اور آہستہ سے آہستہ آواز کو ریکارڈ کرنے کی پوری کوشش کرتی ہے۔ اگر آپ چاہیں تو اس کی سیٹنگز میں جا کر بالکل دھیمی آوازوں کو چھوڑ کر صرف کچھ اونچی آوازوں کو ریکارڈ کرنے کا حکم بھی دے سکتے ہیں دراصل بستر پر کروٹ لیتے ہوئے اکثر کپڑوں اور بیڈ سے بھی آواز پیدا ہوتی ہے تو یہ اُن آواز کو درگزر کر دے گی۔

Sleep Talk Recorder1اینڈروئیڈ میں یہ ایپلی کیشن درج ذیل ربط سے انسٹال کی جا سکتی ہے:
sleeptalkapp

ویسے تو یہ ایپلی کیشن آئی او ایس یعنی آئی فون کے لیے بھی دستیاب ہے لیکن وہ مفت نہیں ہے۔ اگر آئی فون صارفین یہ ایپلی کیشن حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ایپ اسٹور سے خرید سکتے ہیں۔

ایپلی کیشن انسٹال کر لینے کے بعد اسے کھولیں اور مائیکروفون کے حصے میں آ کر ’’ایکٹیو‘‘ (Active) کے بٹن پر کلک کر دیں تو یہ ایپلی کیشن اپنا کام شروع کر دے گی۔

نیند کے دوران جب آپ خوابوں میں کھوئے ہوں گے یہ ایپلی کیشن مسلسل جاگ رہی ہو گی اور ہر آواز کو ریکارڈ کر رہی ہو گی۔

صبح اُٹھ کر آپ اس ایپلی کیشن کو بند کر سکتے ہیں تاکہ مزید ریکارڈنگ نہ ہو اور ساری رات کی ریکارڈنگ اب آپ اس میں باآسانی سن بھی سکتے ہیں۔

اس ایپلی کیشن کو استعمال کرنے سے پہلے دوباتوں کا دھیان رکھنا ضروری ہے۔ نمبر ایک چونکہ اس ایپلی کیشن نے رات بھر ریکارڈنگ کرنی ہے اس لیے یہ فون کی بیٹری کو استعمال کرے گی۔ اس لیے فون کو سونے سے مکمل چارج کر لیں اور اگر آپ کے فون کی بیٹری کمزور ہے تو اسے استعمال نہ کریں، کیونکہ ہو سکتا ہے صبح تک فون بھی بند ہو جائے۔ دوسری بات یہ کہ اس میں کئی گھنٹوں کی طویل ریکارڈنگ ہو گی، اب آپ کو صبر سے انھیں سننا بھی پڑے گا تاکہ جان سکیں کہ کون کون سی آوازیں اس نے ریکارڈ کی ہیں۔ ان باتوں کے باوجود اس ایپلی کیشن کو استعمال کرنے کا تجربہ آپ کے لیے بہت دلچسپ ثابت ہو سکتا ہے اور شاید آپ تصدیق کر پائیں کہ واقعی میں آپ نیند میں بولتے ہیں یا نہیں۔:
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2016 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.