اسکرین کے خراب پکسلز خود ٹھیک کریں

Photo: wikihow.com

مونیٹر خریدنے کے لیے مارکیٹ کا رُخ کرتے ہوئے ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کوئی ماہر ہمارے ساتھ ہو، تاکہ ہم کوئی خراب مونیٹر خریدنے سے محفوظ رہیں۔ سی آر ٹی مونیٹر کا زمانہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ اب ہر جگہ ایل سی ڈی یا ایل ای ڈی مونیٹرز ہی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ مونیٹر کارکردگی میں بہتر اور فلیٹ اسکرین کے حامل ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ جگہ بھی کم گھیرتے ہیں اور توانائی بھی کم استعمال کرتے ہیں۔

ایل سی ڈی یا ایل ای ڈی مونیٹرز کی اسکرین چھوٹے چھوٹے پکسلز سے مل کر بنی ہوتی ہے۔ بعض اوقات ان میں سے کچھ پکسلز ڈیڈ ہو جاتے ہیں جن کی وجہ سے اسکرین پر چھوٹا سا ڈاٹ بن جاتا ہے۔ ضروری نہیں کہ ایل سی ڈی یا ایل ای ڈی پرانی ہونے کی وجہ سے یہ ڈاٹ بنتے ہیں بلکہ نئی ایل سی ڈی کے پکسلز بھی ڈیڈ ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ نیا ایل سی ڈی یا ایل ای ڈی مونیٹر خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا آپ کا مونیٹر ابھی ورانٹی میں ہے تو ’’انجرڈ پکسلز‘‘ (InjuredPixels) نامی سافٹ ویئر ضرور استعمال کریں۔

ڈاؤن لوڈ کریں

injuredpixels

یہ سافٹ ویئر آپ کو مونیٹر کی اسکرین کے بارے میں مکمل رپورٹ فراہم کرتا ہے۔ اس سافٹ ویئر کو انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی، اس لیے نیا مونیٹر خریدتے ہوئے آپ اس پورٹ ایبل سافٹ ویئر کی مدد سے اسے باآسانی ٹیسٹ کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ ایک خراب مونیٹر خریدنے سے بچ سکتے ہیں۔ یا اگر آپ کے مونیٹر کی ورانٹی ابھی ایکسپائر نہیں ہوئی تو آج ہی اسے چیک کریں اور اگر اس میں کوئی خرابی پائیں تو وقت ہاتھ سے نکلنے سے پہلے اسے تبدیل کروا لیں۔ اگر مونیٹر کو جانچنے میں ماہر نہیں تو یہ چھوٹا سا سافٹ ویئر یو ایس بی میں اپنے ساتھ لے جائیں اور باآسانی ایک بہترین ایل سی ڈی مونیٹر تلاش کریں۔

ایل سی ڈی اسکرین کے خراب پکسلز کی مرمت کریں

اسی کمپنی نے اپنے کئی سالہ تجربے کو استعمال کرتے ہوئے اب ایک ایسا ٹول بھی فراہم کر دیا ہے جو ایل سی ڈی اسکرین کے خراب پکسلز کو درست کر سکتا ہے۔ اس سافٹ ویئر کا نام ’’پکسل ہیلر‘‘ (PixelHealer) ہے اور یہ بھی بالکل مفت اور پورٹ ایبل صورت میں دستیاب ہے۔

ڈاؤن لوڈ کریں

اگر آپ ایل سی ڈی کے خراب پکسلز کو درست کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو یہ دونوں سافٹ ویئر درکار ہوں گے۔ سب سے پہلے انجرڈ پکسلز کو چلا کر دیکھنا پڑے گا کہ واقعی پکسلز خراب ہیں یا نہیں۔ اس کے بعد ان کی مرمت کے لیے ’’پکسل ہیلر‘‘ استعمال ہو گا۔

pixelhealer

پکسلر ہیلر کا استعمال تھوڑی سی مہارت کا متقاضی ہے کیونکہ یہ اسکرین کے خراب حصے کو فلیشنگ کے ذریعے درست کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ فلیشنگ کے عمل کو جب تک ایل سی ڈی ٹھیک نہ ہو جائے بار بار دُہرانا پڑتا ہے اور اس کے کام کرنے کے دوران اسکرین کو دیکھنا نہیں چاہیے۔ اس لیے اسے استعمال کرنے سے پہلے اس کی ویب سائٹ پر موجود تمام ہدایات بغور پڑھ لیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ فروری 2016 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.