ہیکرز نے 32 ملین ٹوئٹر پاس ورڈز فروخت کے لیے پیش کر دیے

پچھلے ہی دنوں مارک زکر برگ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہو چکے ہیں جس کی وجہ ان کا چوری شدہ پاس ورڈ تھا جو کہ ہیکرز نے لنکڈان کے چوری ہونے والے ڈیٹا بیس میں سے حاصل کیا۔

اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ٹوئٹر کے 32 ملین صارفین کی لاگ ان تفصیلات ڈارک ویب پر فروخت کے لیے پیش کی جا چکی ہیں۔ یعنی 32 ملین صارفین کے پاس ورڈز اس وقت برائے فروخت ہیں۔

تاہم ٹیک کرنچ پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ہمارا سسٹم بالکل محفوظ ہے اور کسی ہیکر نے ابھی تک اس تک رسائی حاصل نہیں کی۔ بلکہ ہم ٹوئٹر کے نام پر دیے جانے والے اس ریکارڈ کو اپنے ریکارڈ سے موازنہ کر رہے ہیں تاکہ حقیقت کا اندازہ لگایا جا سکے۔

Twitter-tweet

دوسری طرف لیکڈ سورس نامی ویب سائٹس جو کہ ہیک ہو جانے والے ڈیٹا بیسز کو جمع کرتی ہے تاکہ صارفین وہاں باآسانی دیکھ سکیں کہ ان کا کوئی اکاؤنٹ چوری ہو چکا ہے یا نہیں، نے یہ سہولت فراہم کر دی ہے کہ لنکڈان، مائی اسپیس کے علاوہ صارفین اب ٹوئٹر لاگ ان تفصیلات کے بارے میں بھی جان سکتے ہیں کہ وہ ان ہیک ہونے والے صارفین کی فہرست میں شامل ہیں یا نہیں۔

ہیکرز اسی طرح کے چوری ہونے والے ڈیٹا بیسز سے صارفین کے پاس ورڈ حاصل کرنے کے بعد ان کے دیگر اکاؤنٹس کو بھی ہیک کرنے کی کوشش کرتے ہیں کیونکہ زیادہ تر صارفین ایک سے زائد جگہوں پر ایک جیسا پاس ورڈ ہی منتخب کرتے ہیں۔

Comments are closed.