ونڈوز 10 میں کوئی خرابی براہِ راست مائیکروسافٹ کے انجینئر سے ٹھیک کروائیں

-technical-support-1ونڈوز 10 کے کئی اہم اور نئے فیچرز میں سے ایک فیچر سپورٹ کا بھی ہے۔ اس دفعہ مائیکروسافٹ نے اپنے صارفین کی خدمت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ آپ کو انٹرنیٹ ایکسپلورر، ایج، ون ڈرائیو، آفس، ایکس باکس، بِنگ میں کوئی مسئلہ آرہا ہے، ونڈوز ایکٹی ویٹ نہیں ہو پارہی ہے یا کوئی بھی ایرر آپ کو تنگ کر رہا ہے تو براہِ راست مائیکروسافٹ سے مدد کے لیے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ رابطے کے لیے پرانے ٹکٹ سسٹم کی بجائے آپ کو فوراً مدد فراہم کی جائے گی چاہے اس کے لیے مائیکروسافٹ انجینئر کو فون کرنا پڑے یا چیٹ کرنی پڑے۔

سب سے سہل طریقہ یہ ہے کہ آپ چیٹ کا انتخاب کریں۔ چیٹ شروع کرنے سے پہلے آپ کو اپنا فون نمبر بھی دینا ہو گا تاکہ اگر آپ کا رابطہ منقطع ہو جائے تو انجینئر آپ کو فون کر سکے۔ اگر آپ چیٹ کا انتخاب کریں گے اور آپ کا مسئلہ ایسا ہے کہ اسے ٹھیک کرنے کے لیے انجینئر کو آپ کے ڈیسک ٹاپ تک رسائی حاصل کرنی ہو تو وہ اس کی بھی اجازت چاہیں گے۔ اس طرح انجینئر آپ کے سسٹم تک بذریعہ ریموٹ ڈیسک ٹاپ رسائی کے لیے ایک ٹول فراہم کرے گا، وہ ٹول انسٹال کرنے کے بعد آپ کی اجازت سے آپ کا ڈیسک ٹاپ انجینئر کے لیے قابلِ رسائی ہو گا۔ رابطہ جُڑنے کے بعد ماؤس چھوڑ دیں اور باقی کام انجینئر صاحب پر چھوڑ دیں، وہ آپ کا مسئلہ حل کر دیں گے۔

 

یعنی اب کمپیوٹر کے مسائل ٹھیک کرانے کے لیے دوستوں کے نخرے اُٹھانے کی ضرورت نہیں بلکہ براہِ راست مائیکروسافٹ کو زحمت دیں۔ اس کے لیے اسٹارٹ کے بٹن پر کلک کرتے ہوئے Support ٹائپ کریں اور سامنے آنے والے Contact Support پر کلک کر دیں۔

-technical-support-2

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

سپورٹ ایپلی کیشن کھل جائے گی اور مائیکروسافٹ کی مددگار لائن سے رابطہ کرنے کی کوشش شروع کر دے گی۔ رابطہ ہو جانے کے بعد آپ کو درپیش مسئلے کی کیٹیگری منتخب کرنی ہو گی۔

-technical-support-3

درست کیٹیگری کے انتخاب کےبعد پوچھا جائے گا کہ آپ کس طرح مدد حاصل کرنا چاہتے ہیں مثلاً چیٹ کرنا چاہتے ہیں یا کال شیڈول کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی پسند کے تحت آپشن منتخب کر لیں۔ اس طرح آپ باآسانی مائیکرو سافٹ سے رابطہ کر کے ونڈوزکے مسائل ٹھیک کر سکتے ہیں۔

-technical-support-4

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ نومبر 2015 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.