یو ایس بی اور میموری کارڈز کی درستگی چیک کریں

اکثر لوگ سمجھتے ہیں ان کی یو ایس بی فلیش ڈِسک ہمیشہ کام کرتی رہے گی یعنی اس کے خراب ہونے کا کوئی امکان ہی نہیں، لیکن یہ بالکل غلط ہے۔ دیگر میموری اسٹوریج میڈیا کی طرح یو ایس بی فلیش ڈِسک کی بھی ایک محدود عمر ہوتی ہے۔ ان کے ریڈ اینڈ رائٹ سرکلز کی تعداد معین ہوتی ہے ، اگرچہ یہ تعداد ہزاروں میں ہوتی ہے لیکن کبھی نہ کبھی تو یہ تعداد پوری ہو گی۔

مقرر کردہ تعداد میں ان پر ڈیٹا ریڈ اینڈ رائٹ ہونے کے بعد یہ ناکارہ ہو جاتی ہیں۔ اس لیے اپنی یو ایس بی فلیش ڈرائیو یا میموری کارڈ میں اہم ڈیٹا محفوظ کرنے سے پہلے آپ کو پتا ہونا چاہیے کہ اس کی کتنی زندگی باقی ہے۔ اس کام کے لیے آپ کو کوئی سافٹ ویئر یا ٹول خریدنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ کام آپ باآسانی مفت کر سکتے ہیں۔ اس کے لیے H2testw ٹول درکار ہو گا، جو کہ مفت دستیاب ہے۔

آج کل مارکیٹ میں بڑی تعداد میں جعلی یو ایس بی فلیش ڈرائیوز اور میموری کارڈ موجود ہیں۔ جعلی یا کرپٹ شدہ کارڈ یا یو ایس بی کو خریدتے ہی فوراً چیک کرنا انتہائی ضروری ہے، اس کے علاوہ آپ نے نوٹ کیا ہو گا کہ میموری اسٹوریجز کی رفتار بھی وقت کے ساتھ کم ہوتی جاتی ہے جو بالآخر بالکل ختم ہوتے ہوئے اس کی موت پر انجام پذیر ہوتی ہے۔

H2testw جرمن ڈیویلپرز کا بنایا ہوا ٹول ہے۔ یہ بہت ہی سادہ سا ٹول ہے، حتیٰ کہ اسے انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد چلائیں تو یہ آپ کے سامنے ہو گا۔ H2testw دو زبانوں جرمن اور انگریزی میں دستیاب ہے۔ اس لیے ابتدا میں ہی انگریزی زبان کا انتخاب کر لیں تاکہ استعمال میں آسانی رہے۔

اس کے بعد اپنے ونڈوز سسٹم میں لگی وہ یو ایس بی فلیش ڈرائیو منتخب کریں جسے آپ ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں۔ ٹارگٹ منتخب کرنے کے بعد یو ایس بی کی اسپیس منتخب کرنی ہو گی کہ جتنی اسپیس کو آپ ٹیسٹ کرنا چاہتے ہوں۔ بہتر یہی ہے کہ ڈیٹا والیم میںAll available space منتخب کر لیں تاکہ پوری ہی یو ایس بی فلیش ڈرائیو کا امتحان ہو سکے لیکن اس کے لیے پہلے یو ایس بی فلیش ڈرائیو کو فارمیٹ بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹیسٹ کا مرحلہ شروع کرنے کے لیے سب سے آخر میں Write+Verify کے بٹن پر کلک کر دیں۔ یہ مرحلہ کئی منٹس پر محیط ہو سکتا ہے اور اس کے مکمل ہوتے ہی یو ایس بی فلیش ڈرائیو کی صحت کی رپورٹ آپ کو پیش کر دی جائے گی۔ اس میں بتایا جائے گا کہ یو ایس بی کی کتنی اسپیس کو ٹیسٹ کیا گیا ہے، Readاسپیڈ کیا تھی اور Write اسپیڈ کیا تھی۔ اس ٹیسٹ کے دوران یو ایس بی فلیش ڈرائیو میں H2W ایکسٹینشن کی فائل بنائی جاتی ہے جسے آپ بعد میں حذف کر سکتے ہیں۔

H2testw_01

سو باتوں کی ایک بات یہ ہے کہ یہ بہت ہی سادہ سا ٹول بہت ہی آسانی کے ساتھ آپ کو یو ایس بی فلیش ڈرائیو یا میموری کارڈ کے ایررز یا کرپٹ ہونے کے بارے میں بتا کر خبردار کر سکتا ہے کہ اس میں اپنا ہم ڈیٹا محفوظ کیا جائے یا نہیں۔

H2testw_02

اگر اس کی رپورٹ میں میموری کارڈ یا یو ایس بی کے بارے میں کوئی ایرر نہ ہو، اس کی جتنی اسپیس آپ کو بتائی گئی ہے اتنی اس میں بھی نظر آئے اس کے علاوہ اس کی رائٹنگ اور ریڈنگ اسپیڈ بھی درست نظر آرہی ہے تو یہ یو ایس بی یا میموری کارڈ بالکل درست ہے۔

کوئی بھی میموری کارڈ یا یو ایس بی خریدتے وقت اس کی کل اسپیس اور ریڈنگ رائٹنگ اسپیڈ کےبارے میں ضرور معلوم کر لیں تاکہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے اس کی تصدیق کی جا سکے۔

ورنہ بعد میں پتا چلے گا کہ یو ایس بی یا میموری کارڈ قابل اعتبار نہیں تھا، یا اس میں بتائی گئی اسپیس کم تھی یا پھر اس کی رفتار سست ہے جس کی وجہ سے ڈیٹا منتقل کرتے وقت بہت وقت ضائع ہو گا۔

ڈاؤن لوڈ کریں

4 تبصرے
  1. Yasir Imran says

    جعلی یو ایس بی یا میموری کارڈ سے کیا مراد ہے ؟ یعنی کیا یہ اپنی لکھی ہوئی سٹوریج سے کم ڈیٹا سٹور کرتے ہیں ؟ نیز یو ایس بی کی لائف کا کیسے پتہ چلے گا کہ وہ کتنی رہ گئی ہے ؟

  2. شیخ شیراز یامین says

    بہت اچھی پوسٹ ہے

  3. TechUrdu.com says

    بالکل صحیح مصنف بھائی۔ حفاظتی اقدامات بہت ضروری ہیں، کیونکہ ٹیکنالوجی ایسے موقع پر دھوکہ دیتی ہے جب آپ اس کی توقع نہیں کر رہے ہوتے، اس کے نتیجے میں بہت نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اللہ ہماری ڈیوائسز کو محفوظ رکھے، آمین۔

  4. Abrar says

    بھائی جی یہ نہیں بتایا کہ جعلی اور اصلی کیسے چیک ہوتے ہیں۔ عنوان اور تفصیل دونوں ہی جدا ہیں۔

Comments are closed.