اپنا گوگل ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کریں

فیس بک سے اپنا مکمل ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کی ٹپ آپ کمپیوٹنگ میں پڑھ چکے ہوں گے۔ آئیے اس ماہ آپ کو بتاتے ہیں کہ اپنا گوگل ڈیٹا کیسے ڈاؤن لوڈ کیا جاتا ہے۔ اس کے لیے گوگل نے ’’ٹیک آؤٹ‘‘ نامی سروس فراہم کر رکھی ہے، جس کے ذریعے گوگل کی بیس سروسز سے اپنا مکمل ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ ان بیس سروسز میں جی میل، گوگل ڈرائیو، ہینگ آؤٹس، گوگل پلس، بلاگر، یوٹیوب، گوگل فوٹوز وغیرہ شامل ہیں۔

ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے درج ذیل ربط پر جائیں:
google.com/takeout

اس صفحے پر آپ دیکھ سکتے ہیں کہ گوگل کی کن کن سروسز کا بیک اپ بنا کر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ یہ ڈیٹا ایک آرکائیو فائل میں مہیا کیا جاتا ہے تاکہ آپ باآسانی ڈاؤن لوڈ کر کے اسے آف لائن دیکھ سکیں یا اپنے کسی دوسرے اکاؤنٹ میں اسے امپورٹ کر سکیں۔

Google-Takeout1

ڈیٹا بیک اپ کرنے کے لیے Create archive کے بٹن پر کلک کریں۔ اگلے صفحے پر پوچھا جائے گا کہ کن کن سروسز کو آپ بیک اپ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بیک اپ ایک زپ فائل میں بنایا جائے گا۔ بیک اپ فائل کے بننے کا دورانیہ آپ کے ڈیٹا پر منحصر ہے۔ اگر آپ کے جی میل اکاؤنٹ میں ہزاروں ای میلز موجود ہیں تو یہ بیک اپ بڑے سائز کا بھی ہو سکتا ہے جسے بننے میں کافی دیر لگ سکتی ہے۔
جن جن سروسز کا بیک اپ کرنا مقصود ہو ان کے نام کے ساتھ موجود باکس کو چیک لگا نے کے بعد Create archive کے بٹن پر کلک کریں۔

Google-Takeout2

بیک اپ فائل بنانے کا عمل شروع ہو جائے گا۔

Google-Takeout3

جیسے ہی یہ کام مکمل ہو گا آپ کی فائل ڈاؤن لوڈنگ کے لیے پیش کر دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ کو ای میل کے ذریعے بھی مطلع کر دیا جائے گا۔

Google-Takeout4
بیک اپ فائل کو آپ اپنے کمپیوٹر پر ڈاؤن لوڈ کر کے باآسانی آف لائن بھی دیکھ سکتے ہیں۔ بیک اپ فائل زپ فارمیٹ میں ہو گی۔ اسے ایکسٹریکٹ یا اَن زپ کریں تو ہر سروس کے نام سے فولڈر میں اس کا ڈیٹا موجود ہو گا۔ یہ ڈیٹا آپ اپنے کسی دوسرے گوگل اکاؤنٹ میں امپورٹ بھی کر سکتے ہیں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مئی 2014 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.