آپ کا فون جلدی چارج کیوں نہیں ہوتا؟ پانچ اہم وجوہات جانیے
ہم ایسے دور میں موجود ہیں جہاں سبھی کو اپنا فون بے حد پیارا ہے اور سبھی کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ہر وقت آن بھی رہے۔ اگر کسی کے فون کی چارجنگ کم ہو جائے تو وہ بے چینی سے اسے چارج کرنے کا فوراً کوئی نہ کوئی ذریعہ تلاش کرنا شروع کر دیتا ہے۔
اب اگر فون کی چارجنگ انتہائی سست روی کی شکار ہو تو مزید جھنجلاہٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آخر کار فون کی چارجنگ کبھی کبھی سست اور کبھی کبھی انتہائی تیز کیوں ہوتی ہے؟ اس کے لیے آپ کو ان وجوہات کا پتا ہونا چاہیے جو فون کی چارجنگ کو سست بناتی ہیں۔
-1 چارجنگ کیبل کا مسئلہ
فون کی سست رفتار چارجنگ کی ایک اہم وجہ نامناسب کیبل ہو سکتی ہے۔ اکثر ہم کیبلز کو مروڑ کر رکھ دیتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے خاص طور پر کیبل دونوں اطراف کے اختتام پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اچھی اور درست کیبل چارجنگ کی رفتار کو بڑھاتی ہے جبکہ اسی طرح خراب اور ٹوٹی پھوٹی کیبل سے تیز چارجنگ کا حصول ممکن نہیں ہوتا۔
-2 چارجنگ کے ذریعے کا مسئلہ
اگر آپ فون کو چارج کرنے کے لیے لیپ ٹاپ کے ساتھ جوڑ دیتے ہیں تو آپ واقعی میں سست رفتار چارجنگ کے حقدار ہیں۔ اگر برق رفتار چارجنگ چاہیے تو فون کو لیپ ٹاپ سے نہیں بلکہ براہِ راست ساکٹ میں لگی کیبل کے ذریعے چارج کریں تاکہ وہ اپنی چارجنگ کی اصل رفتار کو حاصل کر سکے۔
-3 چارجر کا مسئلہ
ہم کمپیوٹنگ میں کئی دفعہ ذکر کر چکے ہیں کہ فون بنانے والی کمپنیاں فون میں لگی بیٹری کے اعتبار سے چارجر ساتھ فراہم کرتی ہیں۔ اس لیے فون کی بیٹری کو درست رفتار پر اور درست انداز میں چارج کرنے کے لیے ہمیشہ فون سے مطابقت رکھنے والے چارجر کا استعمال کریں اگر آپ اس چیز کا خیال نہیں رکھیں تو چارجنگ تو سست ہو گی ساتھ میں بیٹری کی صحت پر بھی فرق پڑے گا۔
-4 فون کا مسئلہ
اگر اس جدید زمانے میں آپ کے پاس سام سنگ گلیکسی ایس ٹو یا پھر اس طرح کا کوئی پرانا یا غیرمعیاری فون موجود ہے تو اس سے تیز رفتار چارجنگ کی امید رکھنا بھی فضول ہے۔ کیونکہ ایسے فونز جن میں تیز رفتار چارجنگ یعنی ٹربو چارجنگ کی سپورٹ موجود نہیں ہوتی وہ چارج ہونے میں صارفین کو ہمیشہ رُلاتے ہیں۔ سام سنگ گلیکسی ایس 2 جتنا چار گھنٹوں میں چارج ہوتا ہے اتنا سام سنگ گلیکسی ایس 6 دس منٹوں میں چارج ہو جاتا ہے۔ اس لیے فون خریدتے وقت اس امر کو ضرور دھیان میں رکھیں۔
-5 آپ کی بے چین طبیعت کا مسئلہ
اگر آپ کسی کام میں مصروف ہوں اور کوئی آپ کو چھیڑنا شروع کر دے تو آپ کا ردعمل کیا ہو گا؟ یقیناً آپ درست طریقے سے اپنا کام انجام نہیں دے پائیں گے۔ ایسا ہی کچھ فون کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔ اگر دورانِ چارجنگ آپ بار بار فون کو اُٹھا کر استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں تو یہ عمل بھی چارجنگ کو سست روی کا شکار کر دیتا ہے۔ اگر فون کو تیزی سے چارج کرنا ہے تو اسے چارج پر لگا کر کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں بلکہ ہو سکے تو اسے آف کر دیں۔ اس طرح فون باآسانی کم وقت میں زیادہ چارج ہو جائے گا۔
Comments are closed.