لینکس کی وہ 10 کمانڈز جو ہر مبتدی کو پتا ہونی چاہیئں

لینکس یا یونکس کا ذکر ہو تو بیشتر لوگوں کے ذہن میں ایک سیاہ اسکرین کا عکس آتا ہے جس میں کمانڈ لکھ کر سب کام کئے جاتے ہیں اور اسی تصور کی وجہ سے مبتدی حضرات اس آپریٹنگ سسٹم سے خوف کھاتے ہیں۔ اگرچہ لینکس اور یونکس نے اس شبیہ کو بدلنے کے لئے خوبصورت گرافیکل یوزر انٹرفیس بھی پیش کئے ہیں جس سے انہیں استعمال کرنا مائیکروسافٹ ونڈوز جتنا آسان ہوجاتا ہے۔ یعنی اب آپ کو لینکس کی الف ب بھی نہ آتی ہو لیکن مائیکروسافٹ ونڈوز استعمال کرچکے ہوں تو آپ لینکس بھی چلا سکتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود لینکس کی کمانڈ ہی اس کی طاقت اور پہچان ہیں۔ لینکس کے بابے جانتے ہیں کہ کمانڈ لائن انٹرفیس کے ذریعے اس آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنا کتناسہل اورسیدھا ہے۔ آپ کو شاید یہ بات مذاق لگے لیکن بعض حالات میں کمانڈ لائن کے ذریعے کسی گرافیکل یوزر انٹرفیس سے زیادہ بہتر اور تیزرفتاری سے کام کیا جاسکتا ہے۔

آپ میں سے کئی دوست ایسے ہونگے جن کا لینکس یا یونکس سے کسی نہ کسی ذریعے سے تعلق رہا ہوگا یا واسطہ پڑ چکا ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کسی ویب سائٹ کے مالک ہو اور اس ویب سائٹ کا سرور لینکس استعمال کرتا ہو۔ ممکن ہے کہ آپ کے آفس میں لینکس کو بطور سرور استعمال کیا جاتا ہو۔ ایسے میں ضروری ہوجاتا ہے کہ آپ لینکس کی بنیادی کمانڈز سے واقف ہوں۔ یہ مضمون اسی تناظر میں لکھا گیا ہے کہ مبتدی حضرات کو لینکس کی چند اہم کمانڈز سے واقفیت کرائی جائے۔

ls کمانڈ

یہ ایک بنیادی نوعیت کی کمانڈ ہے اور اس کمانڈ کا بے تحاشہ استعمال ہوتا ہے۔ اگر آپ DOS کی کمانڈ dir سے آشنا ہیں تو یوں سمجھیں کہ ls کمانڈ بھی وہی کام کرتی ہے جو dir کمانڈ کرتی ہے یعنی جس ڈائریکٹری میں آپ اس وقت موجود ہیں، اس میں موجود تمام فائلوں اور ڈائریکٹریز کی فہرست دکھاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ لینکس میں بھی dir کمانڈ استعمال کرسکتے ہیں۔ ls اور dir میں فرق صرف چند آپشنز کا ہے۔ باقی ان دونوں کے کام کرنے کا طریقہ کار تقریباً ایک جیسا ہی ہے۔

man کمانڈ

یہ کمانڈ بہت کام کی ہے۔ یہ اس وقت آپ کے کام آتی ہے جب آپ کو کوئی کمانڈ یا اس کے کام کرنے کا طریقہ یاد نہ آرہا ہو۔ man دراصل مینوئل کی مختصر شکل ہے۔ اگر آپ man ls ٹائپ کرکے اینٹر کا بٹن پریس کریں تو ls کمانڈ کے متعلق مینوئل میں موجود صفحہ ظاہر ہوجائے گا۔ اس میں ls سے متعلق تمام معلومات اور اس کے ساتھ استعمال کئے جاسکنے والے آپشن (آرگیومنٹ) موجود ہونگے۔

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

مبتدی حضرات کو چاہے کہ کچھ اور یاد کریں نہ کریں، لیکن man کمانڈ کو کبھی نہ بھولیں ۔ جب بھی لینکس کی کسی انجان کمانڈ کے بارے میں پڑھیں، فوراً man کمانڈ کے ذریعے دیکھ لیں کہ وہ کمانڈ کیا کرتی ہے اور کیسے استعمال کی جاسکتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ man man یعنی man کمانڈ کا مینوئل بھی دیکھ سکتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ man کمانڈ بذات خود کیسے کام کرتی ہے۔

cd کمانڈ

یہ چینج ڈائریکٹری کمانڈ ہے جو ڈوس اور مائیکروسافٹ ونڈوز میں بھی استعمال کی جاتی ہے۔ اس کمانڈ کے ذریعے آپ ایک ڈائریکٹری سے دوسری ڈائریکٹری میں جا سکتے ہیں۔ مثلاًآپ root ڈائریکٹری یعنی / پر موجود ہیں اور var ڈائریکٹری میں جانا چاہتے ہیں تو cd var ٹائپ کریں۔

فرض کریں اگر آپ پہلے کسی ایسی ڈائریکٹری میں موجود ہیں جو کہ کئی ڈائریکٹریز کے اندر ہے۔ مثال کے طور پر :

/var/www/xyz.com/wp-content/themes/

اب اس ڈائریکٹری سے اگر آپ براہ راست var ڈائریکٹری میں آنا چاہتے ہیں تو cd /var لکھ کر اینٹر کردیں۔فارورڈ سلیش (/)کا مطلب ہے روٹ اور var ڈائریکٹری ہے۔ یعنی روٹ پر موجود var ڈائریکٹری۔ یاد رہے کہ لینکس اور یونکس میں روٹ ڈائریکٹری کو فارورڈ سلیش سے ظاہر کیا جاتا ہے۔

اگر آپ جس ڈائریکٹری میں موجود ہوں اس سے پچھلی ڈائریکٹری میں جانا چاہتے ہیں تو cd .. لکھیں۔
یہاں نوٹ کیجئے کہ cd کے بعد ایک اسپیس بھی موجود ہے۔ ونڈوز اور ڈوس میں اسپیس کے بغیر بھی کام چل جاتا ہے لیکن لینکس میں نہیں۔

Comments are closed.